ہم پر دباؤ آتا جارہا ہے کہ بہت زیادہ ٹیکس چھوڑ دیا، وفاقی وزیر توانائی

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہم پر دباؤ آتا جارہا ہے کہ بہت زیادہ ٹیکس چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو شوکت ترین نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں 450 ارب روپے کا ریلیف دے چکے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ فیٹف کے27 میں سے 26 نکات پورے ہوچکے ہیں، فیٹف اجلاس میں بیشتر ممالک نے پاکستان کی تائید کی، دنیا بھر میں ہر چیزکی قیمت بڑھی ہے، امیر ملک ہو یا غریب سب میں قیمتیں بڑھی ہیں۔

حماد اظہر نے کہا ہے کہ یورپ نے گیس کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کیا ہے، ہم پر دباؤ آتا جارہا ہے کہ بہت زیادہ ٹیکس چھوڑ دیا، کوشش کررہے ہیں یوریا کھاد کی قیمت کم کریں۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے مزید کہا ہے کہ امید ہے اگلے 6 ماہ تک دنیا بھر میں قیمتیں کم ہو جائیں گی، دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سب سے کم قیمتیں پاکستان میں ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں، آئی ایم ایف سے صرف ایک آدھا معاملہ حل ہونا باقی ہے۔

شوکت ترین کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں، سعودی ولی عہد نے کہا پاکستان ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، سعودی عرب نے پاکستان کی مدد میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔

مشیر برائے خزانہ و ریونیو شوکت ترین نے مزید کہا کہ سعودی فنڈز برائے ترقی اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر جمع کروائے گا، سعودی عرب پاکستان کو  3ارب ڈالر سپورٹ فنڈز بھی دے رہا ہے، سعودی عرب زرمبادلہ ذخائر کی بہتری کیلئے 3 ارب ڈالر دے گا۔

The post ہم پر دباؤ آتا جارہا ہے کہ بہت زیادہ ٹیکس چھوڑ دیا، وفاقی وزیر توانائی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email