حکومت اپنے ہی اداروں سے لڑرہی ہے، خورشید شاہ

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اپنے ہی اداروں سے لڑرہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کمزور ہورہا ہے ہمارے دشمن فائدہ اُٹھا رہے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے ایسی سیاست کبھی نہیں دیکھی، ملک میں تبدیلی آسکتی ہے یہ مشکل کام نہیں ہے لیکن حکومت اور وزیروں نے غیریقینی صورتحال پیدا کی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے جو بلنڈر کئے اس میں ایک بلنڈر آئی ایم ایف سے بات کرنے پر خودکشی کرنے کا تھا، اب آئی ایم ایف کو معلوم ہے کہ بندہ ہمارے بارے میں کیا کہتا تھا۔

خورشید شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حکومت کو غریب عوام کا کوئی احساس نہیں ہے۔ غریب آدمی پانی سے روٹی کھا رہا ہے، کارخانے بند ہورہے ہیں زراعت تباہ ہورہی ہے جبکہ امپورٹ یہ کہتے ہیں کم ہوئی ہے حالانکہ ایکسپورٹ کو کم کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ حکومت جھوٹ کے سہارے چل رہی ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے، اختلاف سب جگہ ہوتے ہیں لیکن صورتحال کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا تھا کہ تیل اور ڈالر کی قیمتیں کہاں پہنچا دیں ، ڈالر کی اُڑان ان سے کنٹرول نہیں ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہے ، عوام کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے ، عوام کو ریلیف دینا ہوگا ، جمہوریت ترقی اس وقت کرے گی جب ملک میں تعلیم ہوگی ، تعلیم نہیں تو کچھ نہیں ہوگا، جمہوریت ترقی نہیں کرسکتی۔

خورشید شاہ نے کہا تھا کہ جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی نے قربانیاں دیں ، ملک میں جمہوریت کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو نے قربانی دی ، ہمیں جمہوریت چاہیے، پارلیمنٹ چاہیے اور آزاد ادارے چاہیے ہیں ، آج ملک دشمنوں سے گھرا ہوا ہے اور ہماری کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے مزید کہا تھا کہ جب ذوالفقار علی بھٹو نکلتے تھے تو دنیا کے حکمران کھڑے ہوجاتے تھے ، آج حکمران فون کا انتظار کرتے ہیں۔

The post حکومت اپنے ہی اداروں سے لڑرہی ہے، خورشید شاہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email