پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ہے۔

تفصیالت کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکمرانوں کی پالیسیاں عوام اور ملک کے لیے تباہ کن ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ہے، تین برسوں میں پاکستان دہائیاں پیچھے چلا گیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری گھر گھر ناچ رہی ہے، پہلے سے کمزور معیشت تین برسوں میں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔

امیر جماعت اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ بھوک سے تنگ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں جبکہ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں اٹھائے روزگار کی تلاش میں گھوم رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی جمہوری نظام میں ہے، عوام کرپٹ اور فرسودہ نظام سے چھٹکارہ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

واضح رہے اس سے قبل امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ وزیر اعظم جو کہتے ہیں کرتے نہیں،حکومت کی کارکردگی صفر ہے ، ملک قرضوں سے نہیں چلتے، اہل قیادت قوموں کو خود انحصاری کی منزل کی جانب لے کر جاتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوامی مفادات میں ٹکراؤ ہے ، ہمارے حکمرانوں کے قول و فعل میں بھی تضاد ہے ، وزیراعظم جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں ، چوتھا سال ہے اور گاڑی اب بھی پیچھے کی طرف جارہی ہے۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ تین برسوں میں مافیاز نے خوب پیسے بنائے ، ایماندار کاروباری حضرات کے بزنسز تباہ ہوگئے ، ڈالر کی اونچی اڑان جاری، اسٹاک ایکسچینج دباؤ کی زد میں ہے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ اب اس سسٹم کو بدلنا ہوگا،خوشحالی کا ضامن صرف اللہ کا نظام ہوسکتا ہے ، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کو موقع دیں۔

The post پی ٹی آئی کی حکومت نااہل ہے، سراج الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email