اپوزیشن عوام کی نہیں مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے، حسان خاور

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن عوام کی نہیں مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب  کے معاون خصوصی حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نوے ہزار ٹن چینی درآمد کر لی ہے، جس چیز کی عوام کو ضرورت ہے اس پر ہم نعروں کے پیچھے نہیں چھپنا چاہ رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب  کے معاون خصوصی نے کہا کہ اپوزیشن کے جو گروہ احتجاج کر رہے ہیں ان کا مہنگائی سے کوئی تعلق نہیں، اپوزیشن عوام کی نہیں مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے

حسان خاور کا کہنا تھاکہ حکومت انسٹھ ہزار ٹن چینی پر مشتمل دو جہاز خالی کر چکی ہے جبکہ اٹھائیس ہزار ٹن چینی مارکیٹ میں ڈال دی گئی ہے اور اس وقت دو لاکھ بیس ہزار ٹن چینی سٹاک میں موجود ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب  کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ چینی کی ترسیل کے لئے شفافیت کو مدنظر رکھا گیا ہے اور یقینی بنایا جا رہا ہے کہ امپورٹڈ چینی عوام تک پہنچ سکے۔

 حسان خاور نے کہا کہ کین کمشنر نے تمام اضلاع کا کوٹہ مختص کیا ہے، کین کمشنر کے کوٹے کے تحت تمام ڈی سی اوز کو چینی دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب  کے معاون خصوصی حسان خاور نے  مزید کہا کہ ہم ریٹیلرز کو چینی 86 روپے دے رہے ہیں جبکہ عوام تک یہ نوے روپے میں پہنچ رہی ہے اور اس تمام عمل کی ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب  کے معاون خصوصی حسان خاور نے ایک بیان میں کہا تھا کہ لاہور پولیس جدید ٹیکنالوجی اور عوام دوست ماڈرن پولیسنگ اسٹرٹیجی کے ذریعے شہر میں امن و امان کا قیام یقینی بنائے ہوئے ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب  کے معاون خصوصی نے کہا تھا کہ شہریوں کی شکایات پر ایف آئی آرز کا فوری اندراج یقینی بنایا جا رہا ہے ، درحقیقت کرائم نہیں بڑھا بلکہ رجسٹریشن آف ایف آئی آرز بڑھنے سے کرائم کی رپورٹنگ بڑھی ہے ، لاہور پولیس کی آپریشنل و اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کی بدولت سال2021 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران صوبائی دارالحکومت مجموعی طور پر پرُامن اور محفوظ رہا۔

حسان خاور نے کہا تھا کہ بین الاقوامی کرائم انڈیکس پر بھی لاہور شہر کی درجہ بندی محفوظ شہروں کی فہرست میں بہتر اور نمایاں رہی ، گنجان آبادیوں میں لاء اینڈ آرڈر کے کنٹرول اور جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لیے ابابیل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے ، شہریوں کے گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے لاہور پولیس کے سربراہ سمیت تمام اعلیٰ پولیس افسران باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگا کر سائلین کی سنوائی اور موقع پر داد رسی کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

حسان خاور نے کہا تھا کہ خواتین کے ساتھ جنسی ہراسگی اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے خواتین کی شکایات پر فوری مقدمات کا اندراج، ملوث ملزمان کی گرفتاری اور میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جا رہی ہے ، رواں سال خواتین کے خلاف جنسی ہراسگی، تشدد اور بدسلوکی کے واقعات میں 1000 سے زائد مقدمات درج کرکے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔

انہوں نے کہا تھا کہ خواتین کو تحفظ کی فراہمی کے لیے وویمن سیفٹی ایپ متعارف کرروائی گئی ہے ، صوبائی دارالحکومت میں خواتین سے جنسی ہراسگی اور تشدد کے واقعات کے خلاف “اینٹی وویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلینس سیل” قائم کیا گیا ہے ، اعداد وشمار کے مطابق لاہور پولیس نے سال 2021ء کے ابتدائی نو ماہ اور 12 روز کے دوران قبضہ مافیا کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھی ، سی سی پی او لاہور کے دفتر میں اینٹی قبضہ سیل، ہیلپ لائن 1242 کے قیام کے علاوہ خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب  کے معاون خصوصی حسان خاور نے کہا تھا کہ لاہور پولیس نے رواں سال کے ابتدائی نو ماہ اور 12 روز کے دوران قبضہ مافیا سے شہریوں اورسرکاری زمینوں جائیدادوں کے مجموعی طور پر 81.69 ارب روپے مالیت کے 5290 کنال رقبہ پر مشتمل 609 قبضے واگذار کروائے ، لاہور پولیس نے رواں سال جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 43 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔

The post اپوزیشن عوام کی نہیں مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے، حسان خاور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email