قادر بخش کلمتی کو مشکل وقت میں ن لیگ میں شامل ہونا مبارک ہو، کھیل داس کوہستانی

ممبر قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ قادر بخش کلمتی کو مشکل وقت میں ن لیگ میں شامل ہونا مبارک ہو۔
تفصیلات کے مطابق ممبر قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی نے قادر بخش کو ن لیگ میں شمولیت حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملیر سے قادر بخش نے پیغام دے دیا ہے، گو عمران گو۔
کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ 2018 میں ملیر سے ن لیگ کو 50 ہزار ووٹ ملے۔
انہوں نے کہا کہ ملیر میں مافیہ زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔
ممبر قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار میں آ کر ایک ایک انچ کا حساب لیں گے۔
واضح رہے کہ سیاسی و سماجی شخصیت قادر بخش کلمتی نے مسلم لیگ ن میں آج شمولیت اختیار کر لی ہے۔
قادر بخش کلمتی نے تقریب میں اپنی ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی تبدیلی کے نعرے سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا۔ تحریک انصاف نے 50 لاکھ مکان بنانے کا وعدہ کیا تھا، انہوں نے گھروں کو بنایا نہیں بلکہ مسمار کیا۔
سیاسی و سماجی شخصیت کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا بحران موجود ہے، جب ن لیگ برسرِ اقتدار تھی تو عوام کو سکون میسر تھا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اپنے دور میں توانائی کے شعبے میں 40 منصوبے شروع کیے، پنجاب یونیورسٹی میں صوبہ بلوچستان کو 100 فیصد اسکالرشپ کا کوٹہ دیا، آٹھ موٹروے تعمیر کیں، کراچی میں امن و امان کا قیام لائے۔ پر امن کراچی نواز شریف کی مرہون منت ہے۔
قادر بخش کا کہنا تھا کہ آج سے تحریک انصاف سے راہیں جدا ہیں۔ احسن اقبال سے درخواست ہے کہ مسلم لیگ برسرِ اقتدار آ کر ملیر کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں کیونکہ ملیر کے رہائشیوں کو آج بھی سوئی گیس کی بندش کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اور شہبازشریف ملیر کا دورہ کریں، ہم فقیدالمثال استقبال کریں گے۔

The post قادر بخش کلمتی کو مشکل وقت میں ن لیگ میں شامل ہونا مبارک ہو، کھیل داس کوہستانی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email