حکومت مہنگائی کے تدارک کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبائی وزیر میاں محمودالرشید

صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کے تدارک کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمود الرشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں پیچیدگی کے باعث بلدیاتی ادارے فعال ہونے میں تاخیر ہوئی لیکن اب بلدیاتی ادارے مکمل بحال اور فعال ہو چکے ہیں، ان کو دفاتر اور گاڑیاں دینے جا رہے ہیں۔
میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ادارے قانونی اور آئینی طور پر 26 دسمبر کو ختم ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے چیئرمین سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ گئے ہوئے ہیں، ان کا آئندہ کا فیصلہ عدالتی حکم کے بعد ہو گا۔
میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ نئے بلدیاتی ایکٹ کے اندر اور ترامیم لے کر آ رہے ہیں جس کے بعد جب الیکشن کمیشن چاہے وہ انتخابات کا اعلان کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے، مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے لیکن حکومت اس کے تدارک کے لیے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کا مزید کہنا تھا کہ ہم غریب اور مستحق خاندانوں کو آٹا، گھی، چینی اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دیں گے۔

The post حکومت مہنگائی کے تدارک کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبائی وزیر میاں محمودالرشید appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email