کل تک جو لوگ نواز شریف کی مخالفت کرتے تھے آج ان کو نواز شریف یاد آرہے ہیں، ساجد میر

مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ کل تک جو لوگ نواز شریف کی مخالفت کرتے تھے آج ان کو نواز شریف یاد آرہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے سیالکوٹ میں مہنگاٸی کے خلاف پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے میں علامہ اقبال چوک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل تک جو لوگ نواز شریف کی مخالفت کرتے تھے آج ان کو نواز شریف یاد آرہے ہیں، نواز شریف کو لوگ اس لیے یاد کرتے ہیں کہ ضرورت کی تمام چیزیں مہنگی ہوگئی ہیں، روزمرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتیں خوفناک حد تک مہنگی ہوگئی ہیں، ان حالات میں اگر میاں صاحب کے اس دور کو یاد نہ کیا جائے تو کیا کیا جائے؟ یہ نااہل حکومت ہے ان کے پاس کسی قسم کی ٹریننگ نہیں ہے، پہلے اشیاء کو ایکسپورٹ کرتے ہیں پھر مہنگے داموں میں امپورٹ کرتے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی ہوتی ہے، خواجہ آصف نے درست کہا جو لایا گیا ہو آیا نہ ہو اسے عوام کے دکھ  درد کی کیا پروا؟

پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے دوسری طرف اللہ کا بندہ گھبرانے کی اجازت بھی نہیں دے رہا، پاکستان کے عوام گھٹ مرنے کے لیے تیار نہیں اب یہ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں پی ڈی ایم کی قیادت میں، اس وقت پاکستان کا عالمی برادری میں جو حال ہے وہ سب کے سامنے ہے انہوں نے کشمیر مسئلہ کو دفن کر دیا ہے، پانچ سال پورے ہونے سے پہلے اس سے جان چھوٹ جائے گی۔

مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ یہ حکومت وہ حکومت ہے جس نے پاکستان کو نیچے لانے کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، ہم ملک کی بہتری کے لئے اس سے نجات چاہتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ میں مہنگاٸی کے خلاف پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے میں علامہ اقبال چوک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں لوگوں کے پاس دوائی کے لیے پیسے نہیں، بچوں کی فیسیں نہیں، عمران خان کہتا تھا لاکھوں درخت لگاؤں گا اس نے ایک درخت نہیں لگایا، کہتا تھا کہ نوکریاں دوں گا جن کے پاس نوکریاں تھی ان سے نوکریاں بھی چھین لی، الیکشن پارٹی پر ڈاکہ ڈالا گیا، عمران خان ہمارا جائز حکمران نہیں ہے۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ جب جائز عوام پر ناجائز حکمران آتا ہے تو ملک پر سے برکتیں اٹھ جاتی ہیں، آر ٹی ایس کے ذریعے الیکشن پر ڈاکہ ڈالا گیا، ۔ہم صرف ایک مطالبہ کرتے ہیں کہ شفاف الیکشن دے دو اس میں مہنگائی کا حل بھی ہے، حکمران عوام کو جواب دے، اوروں کو نہیں۔ ، جس نے ساری عمر لوگوں کی جیبوں میں ہاتھ رکھا وہ عوام کو کیا دے گا؟ یہ عوام کے لئے نہیں، مافیا کے لئے کام کر رہا ہے، یہ عوام کا نمائندہ نہیں ہے، سیالکوٹ عزت داروں کا شہر ہے یہاں سے پی ٹی آئی ہاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی عوام نے اسمبلی میں 5 سیٹیں بھیجیں یہ نواز شریف سے محبت کا ثبوت تھا، اب وقت آگیا ہے کہ ان کا بستر گول کیا جائے، مشکل سے نکلنے کا واحد حل آئین کی حکمرانی ہے آپ کی عزت بحال ہوگی، آئین کی بحالی سے خوشحالی کے سفر کا آغاز ہوگا۔

The post کل تک جو لوگ نواز شریف کی مخالفت کرتے تھے آج ان کو نواز شریف یاد آرہے ہیں، ساجد میر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email