مہنگائی نے خیبر پختونخواہ کو تباہ کردیا ہے، فریال تالپور

پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور خراب طرزِ حکمرانی نے صوبہ خیبر پختونخواہ کو تباہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور نے خیبر پختونخواہ کے پارٹی عہدیداران و رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران صوبہ خیبر پختونخواہ کی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر زرداری ہاؤس کراچی میں ملاقات کرنے والوں میں پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی، پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان، پی پی پی خیبرپختونخواہ کے جنرل سیکریٹری شجاع خان اور رکنِ کے پی کے اسمبلی امجد آفریدی وفد میں موجود تھے۔

ملاقات میں خیبرپختونخواہ میں ہونے والے پی پی پی کے یومِ تاسیس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، پی پی پی خیبرپختونخواہ کے رہنماء نے کہا کہ یومِ تاسیس کا جلسہ عام خیبر پختونخواہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

 پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و ایم پی اے فریال تالپور کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور خراب طرزِ حکمرانی نے صوبہ خیبر پختونخواہ کو تباہ کردیا ہے، خیبر پختونخواہ کی عوام کی امیدوں و امنگوں کا محور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔

فریال تالپور نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کا آئندہ وزیر اعلیٰ ایک جیالا ہوگا، صوبے میں ترقی کے عمل کو بحال اور تیز کریں گے۔

The post مہنگائی نے خیبر پختونخواہ کو تباہ کردیا ہے، فریال تالپور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email