پرائس کنٹرول میکانزم موثر بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے، صوبائی وزیر صنعت

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول میکانزم کو ضلع کی سطح پر مزید موثر بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈی سی آفس ضلع سیالکوٹ میں اشیائے خورد نوش کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خورد نوش کی مقررہ نرخوں پر عوام کو فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی مشینری کو پوری طرح متحرک کیا گیا ہے، پرائس کنٹرول میکانزم کو ضلع کی سطح پر مزید موثر بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے، پرائس کنٹرول کے حوالے سے اضلاع کی کارکردگی مانیٹر کی جارہی ہے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صوبے بھر میں قائم 300 سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ رعایتی اور کنٹرول نرخوں پر مل رہی ہیں جہاں پر روزانہ ایک لاکھ افراد خریداری کے لئے آتے ہیں، منڈیوں میں 115 کسان پلیٹ فارم فنکشنل ہیں جبکہ ماڈل بازاروں میں بھی 10 کسان پلیٹ فارم قائم کئے گئے ہیں، درآمدی چینی کی عام دکانوں، سہولت، ماڈل بازاروں میں 90 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت اور وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی پر عام آدمی کا حق ہے اور یہ حق اسے ہر قیمت پر دیں گے۔

اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعلیٰ برائے تجارت و سرمایہ کاری چوہدری احسن سلیم بریار، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف اور ڈی او انڈسٹری راشدہ بتول کے علاوہ محکمہ خوراک اور مارکیٹ کمیٹیز کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ روزانہ مرکزی سبزی منڈی میں علی الصبح سبزیوں اور پھلوں کی طلب و رسد کا جائزہ لیتے ہیں اور نیلامی کے عمل کو مانیٹر کرتے ہیں جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی / اسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ ریونیو کے افسران بھی منڈیوں میں باقاعدگی سے انسپکشن کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر 8 ہزار 212 انسپکشنز کی ہیں ناجائز منافع خوروں کو مجموعی طور 22 لاکھ 16 ہزار 300 روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ پرائس یکٹ کے تحت 56 مقدمات درج کروائے گئے اور 69 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق کا کہنا تھا کہ ضلع میں 33 اسپیشل پرائس مجسٹریٹس کے حلقوں میں عوام کی جانب سے اینڈرائڈ موبائل فون ایپ ”قیمت پنجاب“ پر3 ہزار 483 شکایات موصول ہوئیں تمام شکایات کا ازالہ کیا گیا جبکہ 5 شکایات پر کارروائی کی جارہی ہے، ضلع سیالکوٹ میں تمام اہم چوکوں اور چوراہوں میں اشیائے خورد ونوش کی مقررہ نرخ نامے واضح جگہ پر آویزاں کئے گئے ہیں اور عوام الناس کی آگاہی کیلئے لاؤڈ اسپیکرز پر اعلانات بھی کروائے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اشیائے خورد نوش کی مقررہ نرخوں پر فروخت کیلئے تاجر کمیونٹی میں آگاہی مہم چلائی جائے اور ان کو یہ باور کروایا جائے کہ وہ صارفین سے زائد قیمت وصول نہ کریں۔

The post پرائس کنٹرول میکانزم موثر بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے، صوبائی وزیر صنعت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email