جدید ٹیکنالوجی کے دور  میں نسلِ نو کی کردار سازی بہت اہم ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں نسلِ نو کی کردار سازی بہت اہم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملک میں فحش ویب سائٹس کو بلاک کرنے سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ فحش مواد پیش کرنے کی شکایات ہیں، دیگر سی ڈی این اپنی پالیسیوں کے مطابق فحش مواد پیش نہیں کرتے۔ مواد کی ترسیل کے نیٹ ورکس خاص طور پر کلاؤڈ فیئر ، انٹرنیٹ ٹریفک کے کل شیئر کا 1-2 فیصد حصہ رکھتے ہیں ۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا  گیا کہ پی ٹی اے کو آئی ایس پیز اور سی ڈی اینز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے جبکہ پی ٹی اے کو اپنے ویئر ہاؤس مینجمنٹ سسٹم کی استعداد کو بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید  کہا  گیا کہ فحش ویب سائٹس کے کچھ عالمی اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ شدہ ڈیٹا بیس کے ساتھ انضمام کرکے انہیں یو آر ایل اور ڈومین کی سطح پر بلاک کیا جا سکے۔ پی ٹی اے اس منصوبے کی فزیبلٹی پر کام کر رہا ہے جس کا نفاذ دو ماہ کی مدت میں ممکن ہو سکے گا۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور  میں نسلِ نو کی کردار سازی بہت اہم ہے، جدید ٹیکنالوجی کے آلات اور تھری جی، فور جی انٹرنیٹ کے پھیلاؤ نے لوگوں کی ہر قسم کے مواد تک رسائی ممکن بنا دی  ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں بالخصوص بچوں کو آن لائن دستیاب غیر اخلاقی مواد سے بچانے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں  ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم دماغوں کو آن لائن غیر اخلاقی اور فحش مواد کے اثر سے بچایا جائے، متعلقہ حکام آن لائن مواد کی موثر گیٹ کیپنگ کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن ، چیئرمین نیاٹیل راشد خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

واضح رہے اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی تھی  جس میں امن و امان اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی تھی۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال ، راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور خاص طور پر نالہ لئی منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی گئی تھی ۔

The post جدید ٹیکنالوجی کے دور  میں نسلِ نو کی کردار سازی بہت اہم ہے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email