جلد افغان حکومت کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جلد افغان حکومت کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی افغان قیادت کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان قیادت سے ملاقات بہترین رہی، جلد افغان حکومت کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے کابل میں افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن آخوند نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون بڑھانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر اعظم مولوی عبدالسلام حنفی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکریٹری خارجہ سہیل محمود ، افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان، اعلیٰ عسکری قیادت و پاکستانی وفد کے دیگر اراکین بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر اعظم ملا حسن آخوند نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی وفد کو کابل آمد پر خوش آمدید کہا۔

 وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کا خواہاں ہے ، پاکستان، انسانی بنیادوں پر افغان بھائیوں کی مدد کیلئے پر عزم ہے ، پاکستان، افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان شہریوں بالخصوص تاجروں کیلئے ویزہ سہولیات، نئے بارڈر پوائنٹس کا اجراء اور نقل و حرکت میں سہولت کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں ، پاکستان، افغانستان کے قریبی ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

افغان حکومت کے عبوری وزیراعظم ملا حسن آخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

The post جلد افغان حکومت کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email