وزیراعظم ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی طاقت سے آراستہ دیکھنا چاہتے ہیں، عثمان ڈار

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی طاقت سے آراستہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار سے یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینرا کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں منصوبے کی 3 بنیادی ترجیحات روزگار، تعلیم اور تکنیکی تربیت پر بریفنگ دی گئی، لون اسکیم اور ہنرمند پاکستان پروگرام کے اعداد و شمار سے بھی آگاہ کیا۔

یورپی یونین نے کامیاب جوان پروگرام کی شفافیت اور میرٹ پر اعتماد کا اظہار کیا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی طاقت سے آراستہ دیکھنا چاہتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام وزیراعظم پاکستان کے دل سے قریب تر ہے۔

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے مزید کہا کہ مثبت نتائج حاصل کرنے کے لئے یورپی یونین کی تکنیکی معاونت اور رہنمائی مددگار ثابت ہوگی۔

دوسری جانب یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینرا نے کہا کہ یورپی یونین ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے میں سرگرمِ عمل ہے، پاکستان کے ساتھ مل کر کامیاب جوان پروگرام کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔

سفیر یورپی یونین کا کہنا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو مزید سہولیات سے آراستہ کر سکتے ہیں، باہمی اشتراک کے لئے دونوں جانب سے تکنیکی ٹیمیں آپس میں مشاورت کریں گی، آئندہ ماہ ملاقات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔

The post وزیراعظم ملک کے نوجوانوں کو ہنر کی طاقت سے آراستہ دیکھنا چاہتے ہیں، عثمان ڈار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email