جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی یا ناکام؟ فیصلہ کل ہوگا

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کےخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی یا ناکام؟ اس کا فیصلہ کل ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کل بدھ کو پیش ہوگی، اجلاس کل سہ پہر چاربجے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اسمبلی اجلاس کی صدارت اسپیکرعبدالقدوس بزنجو کریں گے۔

 حکومت اور اپوزیشن دونوں کامیابی کے دعوے کر رہے ہیں جبکہ ناراض اراکین نے اپوزیشن سے ملاقات کرکے عدم اعتماد کی تحریک میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک کو پیش کرنے کی اجازت کےلئے تحریک کا کوئی ایک محرک تحریک پیش کرے گا۔

واضح رہےکہ بلوچستان میں سیاسی بحران میں شدت اور باپ پارٹی میں صدرات کی جنگ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان پارٹی کے صدارت پر ڈٹ گئے ہیں، جبکہ دوسری جانب قائم مقام پارٹی صدر نے سردار کھیتران کو پارٹی ترجمان مقرر کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہےکہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال  کی وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان کے سیاسی مسئلے کو خوش اسلوبی سے طے کرنے پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیر اعظم عمران خان کو بلوچستان کے سیاسی بحران سے آگاہ کیا اور اس کے ساتھ ساتھ  وزیرِ اعظم کو بلوچستان پیکیج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے بلوچستان کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان  نے مزید کہا کہ بلوچستان کی افرادی قوت ملک کا اصل اثاثہ ہے، حکومت بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

The post جام کمال کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی یا ناکام؟ فیصلہ کل ہوگا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email