درآمد شدہ چینی کا فائدہ ہر صورت عام صارف کو ملنا چاہیے ، چیف سیکریٹری پنجاب

چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ درآمد شدہ چینی کا فائدہ ہر صورت عام صارف کو ملنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹا اور چینی کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری نے آٹا اور چینی کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے انتظامی اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت دی۔

چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ موثرانتظامی اقدامات کے باعث صوبے میں آٹا اورچینی کی قیمت میں واضح کمی آئی ہے ، آٹا اور چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے صنعت، خوراک کے سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی قابل ستائش ہے ، قیمتوں میں استحکام کیلئے انتظامی اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔

کامران علی افضل نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ سے زائد قیمتوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں ، گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں سے سختی سے نمٹا جائے ، قیمت کو اعتدال میں رکھنے کیلئے درآمدی چینی اہم کردار ادا کرے گی ، ڈپٹی کمشنرزضلع کی ضرورت کے مطابق محکمہ خوراک سے درآمدی چینی منگوا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درآمد شدہ چینی کا فائدہ ہر صورت عام صارف کو ملنا چاہیے ، درآمدی چینی کی کمرشل استعمال کیلئے فروخت کی ہر گز اجازت نہیں ، انتظامیہ اور پولیس آٹا اور چینی کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھے ، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے منڈیوں کے نظام میں بہتری لانا ہوگی۔

چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ کرپشن میں ملوث مارکیٹ کمیٹیوں کے اہلکاروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

The post درآمد شدہ چینی کا فائدہ ہر صورت عام صارف کو ملنا چاہیے ، چیف سیکریٹری پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email