ہماری حکومت کو کم وسیلہ طبقات کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کو کم وسیلہ طبقات کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کم وسیلہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت نے متعدد پروگرام شروع کیے ہیں، مختلف پروگرامز کے ذریعے کمزور طبقے کی فلاح پر پوری توجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، تیز رفتار صنعتی عمل کے ذریعے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کر کے غربت میں کمی کی جاسکتی ہے، غربت پر قابو پانے کیلئے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا سدباب ناگزیر ہے، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے معاشی تفاوت میں اضافہ ہوتا ہے، غربت کے خاتمے کیلئے کوششیں صاحب حیثیت افراد کی بھی اخلاقی، قومی اور سماجی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ آج کے دن کا پیغام ہے کہ غربت کے خاتمے کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنا موثر کردار ادا کرے، یہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، ہمیں اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ غریب لوگوں کی فلاح وبہبود کے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

The post ہماری حکومت کو کم وسیلہ طبقات کی مشکلات اور مسائل کا احساس ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email