حکومت پنجاب فن خطاطی کے تحفظ اور فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب فن خطاطی کے تحفظ اور فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج الحمرا آرٹ گیلری پہنچے جہاں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں مقابلہ حسن خطاطی کا مشاہدہ کیا۔

عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں مقابلے میں ملک بھر سے 400 خطاط نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے الحمرا آرٹ گیلری میں نام محمد ﷺ کی خطاطی کے فن پاروں کا معائنہ کیا۔ الحمرا آرٹ گیلری میں لفظی خطاطی اور مصورانہ خطاطی کے 450 فن پارے نمائش کے لئے رکھے گئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خطاطی کے فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مصورانہ خطاطی کے فن پاروں کو سراہا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مقابلہ حسن خطاطی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے خطاط کو میڈل بھی دیئے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے خطاط حضرات کے فن کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

سیکرٹری اطلاعات نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو نام محمدﷺ کا فن پارہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب فن خطاطی کے تحفظ اور فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے، فن خطاطی مسلمانوں کی میراث ہے۔

واضح رہے کہ صوبائی وزیرثقافت خیال احمد کاسترو، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری اوقاف، ڈی جی پی آر اور شائقین خطاطی نے تقریب میں شرکت کی۔

The post حکومت پنجاب فن خطاطی کے تحفظ اور فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email