وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لیے پرعزم ہے، شوکت ترین

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی اور آئی بی اے کراچی کے تعاون سے پاکستان کی معیشت کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے سیمینار میں آئے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لیے پرعزم ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ تمام شعبوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں جن میں خاص کر ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو بڑھانے، زراعت کو جدید بنانے، صنعت کو جدید بنانے اور مارکیٹ کی مسابقت کے ذریعے برآمدات بڑھانا شامل ہیں۔ حکومت آئی ٹی سیکٹر کی بہتری کے لیے بھی جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک پاکستانیوں کے کردار کو سراہا ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ان کی حکومت زراعت کی بہتری، کامیاب کاروبار اور زرعی معیشت میں اصلاحات کے ذریعے پسماندہ افراد کی اصلاح کے لیے پرعزم ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے خواب کو پورا کرنے کے لیے ملک کو خود کفیل اور خوشحال بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے افتتاحی کلمات میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے سامعین کو آگاہ کیا اور واضح کیا کہ دو طرفہ سیکٹورل سطح پر بات چیت جاری ہے جن میں توانائی، موسمیاتی تبدیلی، سیکیورٹی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔
ڈائریکٹر آئی بی اے نے کہا کہ آئی بی اے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ ادارہ ہے جس کے مالیاتی ماہرین نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے اس موقعے پر کہا کہ اسٹیٹ بینک پاکستان کی میکرو اکانومی کو مستحکم کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آر ڈی اے کھولنے اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب بھی دی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سیمینار کے اختتام پر وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

The post وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی حکومت ملکی ترقی اور اصلاحات کے لیے پرعزم ہے، شوکت ترین appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email