ملک میں 12 ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام منائی جائے گی، وزیر اعظم

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رواں سال ملک میں 12 ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمان نے ملاقات کی، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ رواں سال ملک میں 12 ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منائی جائے گی، اس موقع پر نوجوان نسل کو ریاستِ مدینہ اور سیرت طیبہ کے رہنما اصولوں سے روشناس کروانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ریاستِ مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف، معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور میرٹ کی حکمرانی پر رکھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں نوجوان نسل جنسی جرائم اور منشیات جیسی برائیوں سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت نے رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کی ہے، اتھارٹی میں سیرت طیبہ پر اعلیٰ شہرت کے حامل اسکالرز نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے رہنمائی کریں گے، یہ اتھارٹی تحقیق کر کے نوجوانوں کو بتائے گی وہ کون سے عوامل تھے جن کی وجہ سے محض تیرہ برس کی قلیل مدت میں (623-636) مسلمان قیصر و کسری کی عظیم سلطنتوں کو زیرکر کے 150,000 مربع کلو میٹر زمین پر حکمرانی کرنے لگے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں معاونِ خصوصی سیاسی امور ملک عامر ڈوگر بھی شریک تھے۔

ملاقات میں پنجاب میں زراعت کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات پر گفتگو کی گئی، ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان اور کسان کارڈ کے مثبت اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ حلقے کے امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

The post ملک میں 12 ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام منائی جائے گی، وزیر اعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email