منی بجٹ کی باتیں شہباز شریف کو زیب نہیں دیتی،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ منی بجٹ کی باتیں شہباز شریف کو زیب نہیں دیتی۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے شہباز شریف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ  ان کے دور میں کئے گئے مہنگی بجلی کے ٹھیکے آئندہ کئی سال اس قوم کے سر پر بوجھ رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے زرمبادلہ کو جس بےدردی سے لٹایا گیا اس بات کی تاریخ گواہ ہے اور آنے والی نسلیں ان کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔

حسان خاور کا کہنا تھا کہ نمائشی گورننس کے روپ میں عوام پر قرضوں کا بوجھ چڑھایا گیا،کیا آپ کے دور حکومت میں ایسے پراجیکٹ نہیں لگائے گئے جو اب سفید ہاتھی ثابت ہو رہے ہیں ۔

ترجما ن پنجا ب حکومت کا کہنا تھا کہ صرف میٹرو اور اورنج ٹرین پر ہی سالانہ اربوں روپوں کی سبسڈی حکومت کو دینا پڑ رہی ہے جبکہ قرضوں کی اقساط اور سود کی مد میں الگ سے پیسے دینے پڑ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا شہباز شریف کے دور میں باؤنس شدہ چیک ہم نے کلئیر نہیں کئے،کیا شہباز شریف کے دور میں جنوبی پنجاب کے باسیوں سے سوتیلوں والا سلوک نہیں کیا گیا،ہمیں عوام کی تکلیف کا اندازہ ہے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں ۔

حسان خاور کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت 360 ارب کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج سے پورے صوبے کو سیراب کر رہی ہے۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور  کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف  جنوبی پنجاب کے باسیوں کو ان کا حق دلوا کر ان کی محرومیوں کو دور کر رہی ہے ۔

The post منی بجٹ کی باتیں شہباز شریف کو زیب نہیں دیتی،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email