یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا ، شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ بجٹ تقریر میں ، میں نے جو کچھ کہا تھا، وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی ، میں نے کہا تھا کہ حکومت منی بجٹ لائے گی، آج یہ بات سچ ثابت ہوگئی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ حکومت نے بجٹ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا ، یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی ، یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی ، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا ، ٹیکس چھوٹ والی اشیاءپر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے، پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ، حکومت نے ایک نیا بم پھینک دیا ہے ، عمران نیازی آئی ایم ایف کی قربان گاہ پر معیشت اور قوم کو قربان کررہے ہیں ، آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا۔

شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی خود ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، پھر قوم سے شکوہ کرتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہی ، قوم کو اچھی طرح سمجھ آرہی ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے اور کون یہ ظلم ہر روز ڈھارہا ہے ، مسئلہ قوم کی سمجھ کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن، جھوٹ اور تاریخی نالائقی ونااہلی کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قوم کو حکمرانوں کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کی کڑی سزا مل رہی ہے ، حکومت کو یہ احساس نہیں کہ عوام کا گزارہ نہیں ہو رہا ، حکومت تین سال سے قوم کو چکر پہ چکر دے رہی ہے، ٹیکس مہنگائی، قرض بڑھتے جا رہے ہیں ، پہلے ہی مہنگائی قیامت خیز حدوں پر پہنچ چکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظلم ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی عوام اور پاکستان کے لئے نہیں، آئی ایم ایف کے لئے کام کر رہے ہیں ، اتنی سنگین مہنگائی ملک کی معاشی وائیبیلٹی کا سنگین مسئلہ پیدا کر رہی ہے جو پاکستان کے لئے نیک فال نہیں ، اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکومت یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے ، عمران نیازی ظالم ، کرپٹ اور اناہل حکمران ہیں۔

The post یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا ، شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email