بجلی مزید مہنگی کرکے تحریک انصاف حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا تازیانہ برسایا ہے، حمزہ شہباز

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی مزید 1 روپے 68 پیسے مہنگی کر کے تحریک انصاف حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا تازیانہ برسایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے منہ سے نوالے پر نوالہ چھین کر اب بجلی کے بلوں کی مد میں مزید رقم اینٹھی جائے گی۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ تین سال میں گردشی قرض دوگنا سے زیادہ ہو کر 2.5 کھرب ہوگیا ہے، اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرکے بھی گردشی قرض دوگنا ہونا نااہلی کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے مہنگائی اور نااہلی سے 3 سالوں میں عوام کا بھرکس نکال کر رکھ دیا ہے لوگ یاد رکھیں کہ مہنگائی کے ہر پروانے پر عمران خان خود دستخط کرتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ چکی کا آٹا بھی 82 روپے کا ہو چکا ہے روٹی کی قیمتیں بھی بڑھنے والی ہیں حکومت اپنی موج میں مست ہے۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ سردیوں میں پاکستانی عوام ایک بار پھر گیس بحران کا سامنا کرے گی نااہل سرکار 8 ایل این جی کارگوز کی خریداری میں ناکام رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت میں صرف مہنگائی کا گراف اوپر جارہا ہے اس نااہلی اور عوام دشمنی کا سورج صرف تحریک انصاف حکومت کے خاتمے پر ہی غروب ہونا ہے۔

The post بجلی مزید مہنگی کرکے تحریک انصاف حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا تازیانہ برسایا ہے، حمزہ شہباز appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email