عمران خان کی حکمرانی دن بدن ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکمرانی دن بدن ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی ایسی بے توقیری پچھلے 72سال میں نہیں دیکھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے، نیب کو پی ٹی آئی کا احتساب ونگ بنا دیا گیا ہے، میڈیا بدترین سنسر شپ کا شکار ہے، ہزاروں صحافیوں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آرمی چیف ایکسٹینش کو بھی تماشا بنایا تھا، حکومت نے آئی ایس آئی چیف تقرری پر بھی تماشا بنایا، پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی، عمران خان کی حکمرانی دن بدن ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے، غریب آدمی کے لیے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا مشکل ہو گیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سفارتی سطح پر ملک کی اس طرح کی بے توقیری کبھی نہیں ہوئی، آج صدر بائیڈن کی فون کال بین القوامی مذاق بن گئی ہے، آج ہر اینکر وزیر اعظم کو بائیڈن کا فون نہ آنے پر جگتیں سنا رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے مزید کہا کہ گھڑی بیچنے والے معاملے پر حکومت تردید کرے یا شرمناک عمل پر معافی مانگ کر مستعفٰی ہو، قوم کے صبر کا بہت امتحان ہو چکا ہے، اگر عمران نیازی مستعفیٰ نہ ہوئے تو پی ڈی ایم جماعتیں اپنا سیاسی لائحہ عمل بنائیں گی، اگر ملک کو بچانا ہے تو نئے صاف شفاف انتخابات کی راہ ہموار کرنا ہوگی۔

The post عمران خان کی حکمرانی دن بدن ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے، احسن اقبال appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email