پاکستان اور ایران کے قانون ساز ادارے کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے، اسد قیصر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے قانون ساز ادارے کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی پارلیمان میں ایران پاک دوستی گروپ کے سربراہ احمد امیر عبادی فرحانی کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، تاریخ  اور ہمسائیگی کی لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، امت مسلمہ کو در پیش چیلنجز کے حل کے لیے مسلم ممالک کے مابین اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اراکین پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے لیے پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت ایران سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروع دینے کے لئے کوشاں ہے، دنیا بھر میں مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا کہ ایرانی پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا، پاکستان اور ایران کے قانون ساز ادارے کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب ایران پاکستان دوستی گروپ کے سربراہ احمد امیر آبادی فرحانی نے اسپیکر اسد قیصر کا ایران کے ساتھ گہری وابستگی کے جذبات کو سراہا۔

ایرانی وفد نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ایران پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔

ایرانی وفد کے سربراہ احمد امیر آبادی فرحانی نے کہا کہ علاقائی امن کے لیے پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے، دو طرفہ  تعلقات کو مزید مستحکم  بنانے کے لیے پارلیمانی رابطوں کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

The post پاکستان اور ایران کے قانون ساز ادارے کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے، اسد قیصر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email