ڈاکٹر عبدالقدیر نے ایٹمی طاقت بنانے میں جو کردار ادا کیا اسے صدیوں یاد رکھا جائے گا، قاری اللہ داد

تنظیم العلماء پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حضرت مولانا قاری اللہ داد نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں جو کردار ادا کیا اسے صدیوں یاد رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق تنظیم العلماء پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حضرت مولانا قاری اللہ داد صاحب نے محسنِ پاکستان و ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں جو کردار ادا کیا اسے صدیوں یاد رکھا جائے گا، ڈاکٹر عبد القدیر صرف ایک سائنسدان نہیں بلکہ عظیم لیکچرار اور بہترین انسان بھی تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومتوں نے ڈاکٹر عبد القدیر خان مرحوم کی زندگی سے فائدہ نہیں اٹھایا، اللہ تعالی ڈاکٹر عبد القدیر کی مغفرت فرما کر درجات بلند فرمائے۔

تنظیم العلماء پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حضرت مولانا قاری اللہ داد نے مزید کہا کہ میں مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی گزشتہ روز پھیپھڑوں کے مرض کے سبب طبعیت اچانک خراب ہوگئی تھی، جس کے باعث انہیں قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹروں کی جان توڑ کوششوں کے باوجود ڈاکٹر عبدالقدیر خان جانبر نہ ہو سکے اور  اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، ان کی تدفین اسلام آباد میں کی گئی۔

ان کی وصیت کے مطابق نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 3 صدارتی ایوارڈ ملے، انہیں 2 بار نشان امتیازسے بھی نوازا گیا۔

محسن پاکستان، پاکستانی سائنسدان اورپاکستانی ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبد القدیر خان ہندوستان کے شہر بھوپال میں ایک اردو بولنے والے پشتون گھرانے میں پیدا ہوئے۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان 15 برس یورپ میں رہنے کے دوران مغربی برلن کی ٹیکنیکل یونیورسٹی، ہالینڈ کی یونیورسٹی آف ڈیلفٹ اور بیلجیئم کی یونیورسٹی آف لیوؤن میں پڑھنے کے بعد 1976ء میں واپس پاکستان لوٹ آئےـ

ڈاکٹر عبد القدیر خان نے ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس جبکہ بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئری کی اسناد حاصل کرنے کے بعد 31 مئی 1976ء میں ذوالفقار علی بھٹو کی دعوت پر انجینئری ریسرچ لیبارٹریزکے پاکستانی ایٹمی پروگرام میں حصہ لیا۔

بعد ازاں اس ادارے کا نام صدر پاکستان جنرل محمد ضیا الحق نے یکم مئی 1981ء کو تبدیل کرکے ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز رکھ دیا۔

یہ ادارہ پاکستان میں یورینیم کی افزودگی میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔

ڈاکٹرعبد القدیر خان نے نومبر 2000 میں ککسٹ نامی درسگاہ کی بنیاد رکھی

ڈاکٹر عبد القدیر خان وہ مایہ ناز سائنس دان ہیں جنہوں نے آٹھ سال کے انتہائی قلیل عرصہ میں انتھک محنت و لگن کی ساتھ ایٹمی پلانٹ نصب کرکے دنیا کے نامور نوبل انعام یافتہ سائنس دانوں کو حیرت زدہ کردیا تھا۔

The post ڈاکٹر عبدالقدیر نے ایٹمی طاقت بنانے میں جو کردار ادا کیا اسے صدیوں یاد رکھا جائے گا، قاری اللہ داد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email