صدر مملکت عارف علوی کی مرحوم عمر شریف کی رہائشگاہ آمد

صدر مملکت عارف علوی نے آج مرحوم عمر شریف کی رہائشگاہ آمد کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے مرحوم عمر شریف کی رہائشگاہ آمد کی جس میں صدر مملکت نے مرحوم عمر شریف کے صاحبزادے جواد عمر اور اہل خانہ سے تعزیت اور دعا کی۔
یاد رہے کہ لیجنڈ اداکار، کامیڈی اور اسٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔
کنگ آف کامیڈی عمر شریف کو علاج کے لیے 28 ستمبر کو کراچی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکہ روانہ کیا گیا تھا۔ ایئر ایمبولینس نے شیڈول کے مطابق جرمنی میں مختصر قیام کرنا تھا اور ری فیولنگ کرانا تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طویل فضائی سفر کی وجہ سے عمر شریف نہ صرف تھکاوٹ محسوس کر رہے تھے بلکہ انہیں ہلکا بخار بھی ہو گیا تھا۔
عمر شریف کو بخار اور تھکاوٹ کے باعث جرمنی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ان کا چار روز تک علاج کیا گیا لیکن ناساز طبیعت کے باعث ان کا اسپتال میں ہی انتقال ہو گیا۔
لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
دوسری جانب لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کے انتقال کے حوالے سے کئی اہم سیاسی، سماجی و شوبز شخصیات نے بھی ٹوئٹس کیں اور ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا تھا ۔
واضح رہے کہ عمر شریف19 اپریل1955 کو پیدا ہوئے ،عمرشریف نے اپنے کیریئر کا آغاز1974 میں14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا۔
عمرشریف کو بہترین اداکار اور ڈائریکٹر کا ایوارڈ 1992 میں دیا گیا تھا، عمر شریف کو بہترین کارکردگی پرتمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

The post صدر مملکت عارف علوی کی مرحوم عمر شریف کی رہائشگاہ آمد appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email