پنجاب یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کر دی گئی

پنجاب یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ  نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ  نماز جنازہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے پڑھائی ہے ، نماز جنازہ میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر ، رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان اور یونیورسٹی کے سینکڑوں طلباء  نے شرکت کی۔

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان بنایا ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ، ان کی خدمات تاقیامت یاد رکھی جائیں گی ، ان کی خدمات کو نئی نسل میں اجاگر کریں گے ، ڈاکٹر عبدالقدیر ویک منائیں گے اور سیمینار منعقد کریں گے ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے سماجی فلاح و بہبودکے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی گزشتہ روز پھیپھڑوں کے مرض کے سبب طبعیت اچانک خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹروں کی جان توڑ کوششوں کے باوجود ڈاکٹر عبدالقدیر خان جانبر نہ ہو سکے اور  اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، ان کی تدفین اسلام آباد میں کی گئی۔

ان کی وصیت کے مطابق نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی  گئی۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 3 صدارتی ایوارڈ ملے، انہیں 2 بار نشان امتیازسے بھی نوازا گیا۔

محسن پاکستان، پاکستانی سائنسدان اورپاکستانی ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبد القدیر خان ہندوستان کے شہر بھوپال میں ایک اردو بولنے والے پشتون گھرانے میں پیدا ہوئے۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان 15 برس یورپ میں رہنے کے دوران مغربی برلن کی ٹیکنیکل یونیورسٹی، ہالینڈ کی یونیورسٹی آف ڈیلفٹ اور بیلجیئم کی یونیورسٹی آف لیوؤن میں پڑھنے کے بعد 1976ء میں واپس پاکستان لوٹ آئےـ

ڈاکٹر عبد القدیر خان نے ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس جبکہ بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئری کی اسناد حاصل کرنے کے بعد 31 مئی 1976ء میں ذوالفقار علی بھٹو کی دعوت پر انجینئری ریسرچ لیبارٹریزکے پاکستانی ایٹمی پروگرام میں حصہ لیا۔

بعد ازاں اس ادارے کا نام صدر پاکستان جنرل محمد ضیا الحق نے یکم مئی 1981ء کو تبدیل کرکے ڈاکٹر اے کیو خان ریسرچ لیبارٹریز رکھ دیا۔

یہ ادارہ پاکستان میں یورینیم کی افزودگی میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔

ڈاکٹرعبد القدیر خان نے نومبر 2000 میں ککسٹ نامی درسگاہ کی بنیاد رکھی۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان وہ مایہ ناز سائنس دان ہیں جنہوں نے آٹھ سال کے انتہائی قلیل عرصہ میں انتھک محنت و لگن کی ساتھ ایٹمی پلانٹ نصب کرکے دنیا کے نامور نوبل انعام یافتہ سائنس دانوں کو حیرت زدہ کردیا تھا ۔

The post پنجاب یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کر دی گئی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email