ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا چند روز قبل لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا

ایٹمی پروگرام کے خالق محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان گزشتہ روز انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کے فوراً بعد ان کا چند روز قبل لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے خط میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کہا کہ آپ کے علاوہ وزیرِ اعظم اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو میری یاد تک نہ آئی۔

 ایٹمی پروگرام کے خالق محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو لکھے گئے خط  میں انہیں بھیجے گئے گلدستے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر نے لکھا کہ میں اب پہلے سے بہت بہتر محسوس کررہا ہوں، میں شکر گزار ہوں کہ میرے صوبے کے وزیراعلیٰ نے مجھے مشکل وقت میں یاد رکھا، وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ وزیرِ اعظم اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو میری یاد تک نہ آئی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو گلدستہ بھیجا تھا، جس میں ان کی صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

 ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو جوابی خط 4 اکتوبر کو اسلام آباد سے لکھا گیا۔

 ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی تدفین گزشتہ روز اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں کردی گئی۔

محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی نمازِ جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ عسکری قیادت سمیت عوام بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹر محمد الغزالی نے پڑھائی، نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے لیے لوگ بڑی تعداد میں فیصل مسجد میں موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق گزشتپ روز انہیں طبیعت ناساز ہونے  کے باعث اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ ہفتے پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔ وہ پہلے الشفا ہسپتال اور بعد میں ملٹری ہسپتال میں زیر علاج رہے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں ، ملٹری ہسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پھیپھڑوں کے مرض کے سبب ان کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈاکٹروں کی جان توڑ کوششوں کے باوجود ڈاکٹر عبدالقدیر خان جانبر نہ ہو سکے اور کل صبح  اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، ان کی تدفین اسلام آباد میں ہوگی۔

ان کی وصیت کے مطابق نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔

  ڈاکٹر عبد القدیر خان پہلے پاکستانی ہیں جنہیں 3 صدارتی ایوارڈ ملے، انہیں 2 بار نشان امتیازسے بھی نوازا گیا۔

The post ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا چند روز قبل لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email