سعودی عرب سے انتہائی اہم خبر سامنے آگئی

سعودی عرب میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ اتوار سے مملکت میں منظورشدہ کووِڈ-19 کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کو ہی عمرے کے اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام میں مناسکِ عمرہ اور نمازیں ادا کرنے اورمدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں داخلے کے اجازت ناموں کے اجراء پرنئی پابندی عائد کردی گئی ہے، اس نئے فیصلے کا اطلاق اتوار 10 اکتوبرکو شام 6 بجے سے ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اب ان دونوں مقدس مقامات تک صرف ان ہی عازمین اور زائرین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے مملکت میں منظورشدہ کورونا وائرس کی کسی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں نیز جن لوگوں کو ویکسین لگوانے سے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے، ان کے نام وزارت صحت کی ’’توکلنا” ایپلی کیشن پر ظاہر ہونے چاہیے۔

وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ جن لوگوں نے پہلے ہی عمرے کے لیے اپنا وقت محفوظ کرالیا ہے،انھیں مکہ یا مدینہ میں عمرہ، نماز یا مناسک ادا کرنے کا اجازت نامہ مل چکا ہے لیکن انھوں نے ابھی تک ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائی ہیں،تو انھیں اپنے اجازت کی تنسیخ سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخ سے 48 گھنٹے پہلے اپنی دوسری خوراک لگوانا ہوگی۔

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ  سعودی عرب میں وبائی امراض کی صورت حال میں پیش رفت کے مطابق وبا سے متعلق تمام احتیاطی اورحفاظتی اقدامات کے جاتے ہیں اور یہ مملکت کی پبلک ہیلتھ اتھارٹی (وقایا) کی جانب سے مسلسل تشخیص سے مشروط ہیں۔

The post سعودی عرب سے انتہائی اہم خبر سامنے آگئی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email