عمران خان ایماندار ہیں اور غریبوں کی بہتری کا سوچتے ہیں، شوکت ترین

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایماندار ہیں اور غریبوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے زیرِ اہتمام ایلومینائی ڈنر کا انعقاد ہوا، جس میں وفاقی وزیر شوکت ترین نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈائرکٹر آئی بی اے ڈاکٹر مقدس رحمان، صدر ایلومینائی ایسوسی ایشن اطہر احسان اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبے سے وابستہ معروف شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ 1968 میں پاکستان ایشیاء کی چوتھی بڑی معیشت تھا، پاکستان کی معیشت کی تباہی کی متعدد وجوہات ہیں، جب صنعتیں لگانی تھی تب ادارے نیشنلائز کر دئیے گئے، 1973 میں پلاننگ کمیشن جیسا اہم ادارہ تباہ کیا گیا، 1979 میں افغان جنگ میں شمولیت کا خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں۔

شوکت ترین نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی کے لئے قلیل، وسطی و طویل مدتی منصوبے بنائے ہیں، منصوبوں کی کامیابی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا ہے، ان منصوبوں پر عمل درآمد سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی، انویسٹمنٹ کے بغیر ملکی معیشت ترقی نہیں کر سکتی، ایکسپورٹس نہیں بڑھے گی تو فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کیسے آئے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان ایماندار ہیں اور غریبوں کی بہتری کا سوچتے ہیں، عمران خان نے غریبوں کے مالی حالات بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں، کامیاب پاکستان کے ذریعے 40 لاکھ خاندان استفادہ کریں گے، 2008 میں رینٹل پاور پراجیکٹس کی مخالفت کی، 8 سال نیب کورٹس بھگتی ہیں، پاکستان میں محصولات کے حصول کے لئے سنگین مسائل ہیں۔

شوکت ترین نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی آئی بی اے ملکی معیشت کی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے، ڈائریکٹر ڈاکٹر مقدس رحمان صنعتوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیں، پنجاب یونیورسٹی آئی بی اے کی مکمل طور پر سپورٹ کریں گے، پنجاب یونیورسٹی آئی بی اے شاندار تعلیمی روایات کا حامل ادارہ ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی صنعتوں کے ساتھ مل کر تحقیقاتی منصوبوں کو مزید فروغ دے، 1973 میں پنجاب یونیورسٹی آئی بی اے میں تعلیم حاصل کی، پروفیسر خواجہ امجد سعید نے ادارے کی ترقی کے لئے خوب محنت کی، کئی اساتذہ اور کلاس فیلوز انتقال کر گئے جن کا افسوس ہے۔

تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی 3 سال کے مختصر عرصے میں انٹرنیشنل رینکنگ میں 16 فیصد بہتری ہوئی، پنجاب یونیورسٹی کے 13 مضامین پہلی مرتبہ بین الاقوامی رینکنگ میں شامل ہوئے۔

تقریب میں ڈائرکٹر آئی بی اے ڈاکٹر مقدس رحمان کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی آئی بی اے کے تحت پہلی مرتبہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا، پنجاب یونیورسٹی آئی بی اے بزنس اور معاشرے کے مسائل کے حل میں کردار ادا کر رہا ہے۔

The post عمران خان ایماندار ہیں اور غریبوں کی بہتری کا سوچتے ہیں، شوکت ترین appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email