پی ٹی آئی حکومت کے کریڈٹ پر مہنگائی، بے روزگاری ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے کریڈٹ پر مہنگائی، بے روزگاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی نے قرضوں کا پہاڑ اور کشمیر کا سودا کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا ایک نہیں دے سکے۔ حکومت مافیاز، کرپٹ سرمایہ داروں، وڈیروں کے نرغے میں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ڈالر کی پرواز بلندیوں پر، روپیہ پستیوں کی جانب سفر کررہا ہے جبکہ ا سٹیٹ بنک آئی ایم ایف کے ایجنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

 سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ آٹا، گھی، دالوں، سبزیوں کی قیمتیں غریب کے ہوش اڑا دیتی ہیں، رتی برابر یقین نہیں کہ وزیراعظم پنڈورا پیپرز شفاف تحقیقات کرا سکیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے کریڈٹ پر مہنگائی، بے روزگاری ہے جبکہ تینوں بڑی جماعتوں کے لوگوں کا نام بھی  حالیہ لیکس میں آیا ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ تھرپارکرکی عوام کو وڈیروں اور جاگیرداروں سے چھٹکارا چاہیے جبکہ تھرپارکر کو یونیورسٹی اور ہسپتال ملنے چاہییں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ راجن پور ملک کا پسماندہ ترین ضلع ہے۔راجن پور سوئی سے ایک گھنٹہ کی مسافت پہ مگر گیس سے محروم ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ رحیم یار خان کے باسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ وڈیروں سے پوچھتا ہوں وہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن کیوں ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ قوم کی واحد آواز اسلامی انقلاب ہے، ترقی و خوشحالی کے لیے قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہوگی۔

واضح رہے اس سے قبل امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ وزیر اعظم جو کہتے ہیں کرتے نہیں،حکومت کی کارکردگی صفر ہے ، ملک قرضوں سے نہیں چلتے، اہل قیادت قوموں کو خود انحصاری کی منزل کی جانب لے کر جاتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوامی مفادات میں ٹکراؤ ہے ، ہمارے حکمرانوں کے قول و فعل میں بھی تضاد ہے ، وزیراعظم جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں ، چوتھا سال ہے اور گاڑی اب بھی پیچھے کی طرف جارہی ہے۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ تین برسوں میں مافیاز نے خوب پیسے بنائے ، ایماندار کاروباری حضرات کے بزنسز تباہ ہوگئے ، ڈالر کی اونچی اڑان جاری، اسٹاک ایکسچینج دباؤ کی زد میں ہے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ اب اس سسٹم کو بدلنا ہوگا،خوشحالی کا ضامن صرف اللہ کا نظام ہوسکتا ہے ، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کو موقع دیں۔

The post پی ٹی آئی حکومت کے کریڈٹ پر مہنگائی، بے روزگاری ہے، سراج الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email