موجودہ حکومت نے پوری قوم کو بے روزگاری کی سونامی میں ڈبودیا، ترجمان پی ڈی ایم

پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پوری قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری کی سونامی میں ڈبودیا ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کوحلوے کا طعنہ دینے والے فواد چوہدری آپ اور آپ کے ساتھیوں کو بنی گالہ کی لسی اور بلیک شہد کی بوتل مبارک ہو۔

پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن انا کی تسکین کے لئے جمہوریت سے نہیں کھیلتے بلکہ جمہوریت کو چوروں کے ہاتھوں سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔

حافظ حمد اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری قوم کو بتادیں کہ عمران خان توشہ خانہ تحائف اور فارن فنڈنگ کیس میں تلاشی کیوں نہیں دیتے اورکب دیں گے۔

پی ڈی ایم کے ترجمان نے کہا کہ فواد چوہدری قوم کو یہ بھی بتاؤ کہ عمران خان نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے ان چوروں کواحتساب سے کیوں استثنا دیا۔

حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ آج جمہوریت آئین قانون اور جمہوری ادارے عمران خان اور ان کی سہولت کاروں کے ہاتوں یرغمال ہے۔

پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پوری قوم کو مہنگائی بے روزگاری کی سونامی میں ڈبودیا، پی ڈی ایم ملک اور قوم کوعمران خان کی صورت میں مسلط شدہ عذاب سے نجات دلائیگی۔

واضح رہے اس سے قبل مولانا فضل الرحمٰن اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ملاقات اور میڈیا گفتگو پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن اپنی سیاسی انا کی تسکین کے لئے ملک میں جاری جمہوری نظام سے نہ کھیلیں۔

اپنے بیان میں فواد چوہدری نے پی ڈی ایم سربراہ سے استفسار کیا کہ وہ اپنی ایک پلیٹ حلوے کے لیے پوری دیگ کیوں الٹانا چاہتے ہیں؟ شہباز شریف پارٹی میں نا انصافیوں کا غصہ غیر آئینی اور غیر جمہوری مطالبات کرکے نہ نکالیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعت ن لیگ کی سیاست کو بڑے میاں اور ان کی صاحبزادی نے دفن کردیا ہے۔

The post موجودہ حکومت نے پوری قوم کو بے روزگاری کی سونامی میں ڈبودیا، ترجمان پی ڈی ایم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email