رکشہ دیہاڑی دار طبقے کیلئے روزگار کا سب سے بڑا وسیلہ ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ رکشہ دیہاڑی دار طبقے کیلئے روزگار کا سب سے بڑا وسیلہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے صدر رکشہ مینوفیکچرر ایسوسی ایشن میاں اسد حمید کی ملاقات ہوئی جس میں رکشہ انڈسٹری کو درپیش مسائل سے پرویز الہٰی کو آگاہ کیا گیا۔

ملاقات میں صدر رکشہ مینوفیکچرر ایسوسی ایشن میاں اسد حمید نے کہا کہ فیس میں اضافہ سے رکشہ رجسٹریشن کا عمل بند ہو گیا ہے  جبکہ  لاکھوں افراد بے روزگاری کا شکار ہیں۔

اس موقع پراسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ غریبوں کو روزگار دینے کی بجائے ان سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔ رکشہ مینوفیکچرر کی فیس دس ہزار سے دس لاکھ کرنے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا  کہ رکشہ ڈرائیوروں کو احساس پروگرام پر نہ لگائیں انہیں خود کمانے دیں اور حکومت فیس میں اضافہ فوری واپس لے کر غریبوں کی دعائیں لے۔

چوہدری پرویز الہٰی  کا کہنا تھا کہ رکشہ غریب کی سواری ہے، یہ نہ صرف شہر بلکہ دیہات میں بھی چلائی جاتی ہے۔ رکشہ دیہاڑی دار طبقے کیلئے روزگار کا سب سے بڑا وسیلہ ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی  کا مزید کہنا تھا کہ دیہات میں روزگار کے مواقع کم ہونے کی وجہ سے رکشہ کا استعمال زیادہ ہے، مینوفیکچرنگ فیس میں کئی ہزار گنا اضافہ سے غربت میں تیزی سے اضافہ ہو گا۔

 واضح رہے اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل حاجی محمد افضل دھرالہ ، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد اور ایڈووکیٹ میاں عبدالرحمن غفوریا کی ملاقات ہوئی تھی۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا تھا کہ پہلی بار ہمارے دور میں تحصیل سطح تک بار ایسوی ایشنز کو اہمیت دی گئی جبکہ وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے فنڈز مختص اور ان کیلئے تاریخی اعلانات کیے گئے۔

پرویزالٰہی نے کہا تھا کہ وکلاء کیلئے فری میڈیکل کی سہولت، بائی پاس اور دل کا علاج بھی فری کرنے کا انتظام کیا گیا جبکہ وکلاء برادری کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی جیسے منصوبے  بھی شروع کیے گئے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا تھا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا اہم جزوہیں، وکلاء برادری انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ہم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔

ملاقات میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل حاجی محمد افضل دھرالہ نے کہا تھا کہ پنجاب بار کونسل کی پہلی عمارت بھی چودھری پرویزالٰہی کے دور میں ہی بنائی گئی تھی جبکہ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز نے نامور وکلاء پیدا کیے ہیں۔

وکلاء رہنما کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری پرویزالٰہی کی وکلاء کیلئے خدمات کی وجہ سے وکلاء برادری ہمیشہ آپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔

The post رکشہ دیہاڑی دار طبقے کیلئے روزگار کا سب سے بڑا وسیلہ ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email