حکومت صرف عوام کو لوٹ رہی ہے، شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت صرف عوام کو لوٹ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں  قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے اور ملک میں توانائی کی ممکنہ قلت کے خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں۔ڈالر،ایل این جی، مہنگائی ،بے روزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ ہر روز بگڑتے حالات تقاضا کررہے ہیں کہ آنکھیں کھول کر دیکھا جائے، ملک اور عوام کا سوچا جائے، ایشیاءمیں ایل این جی کی سپاٹ قیمتوں میں اضافے نے موجودہ بے سمت حکومت کی کوتاہ نظری بے نقاب کردی ہے۔

 شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایشیائی ایل این جی سپاٹ قیمتوں کے 56 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو پر پہنچنے سے عمران نیازی حکومت کا ایک اور غلط فیصلہ بے نقاب ہوا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ نوازشریف کے ایل این جی کی خریداری کے طویل المدت معاہدے درست فیصلہ تھا، نوازشریف نے ایل این جی کا 10 ڈالر پر معاہدہ کیاتھا، آج ایل این جی کی قیمت 56 ڈالر پر پہنچ چکی ہے۔

 شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ ایل این جی کے طویل المدت معاہدے نہ کرنے کے حکومتی فیصلے کی قیمت آج ملک اور عوام کو اداکرنا پڑ رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام اور مسلم لیگ (ن) سے عداوت کی بناءپر موجودہ حکومت سیمسٹر بنیادوں پر فیصلے کرتی ہے، عالمی اور داخلی حالات مہنگائی سے پہلے سے پسے عوام کا زندہ رہنا ناممکن بنارہے ہیں، سنجیدگی سے نہ سوچا تو وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔

 شہبازشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر، مشیر اور عہدیدار بھی سمسٹر پروگرام کے مطابق چل رہے ہیں حکومت کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ فرنس آئل، ڈیزل اور ایل این جی میں حکومتی کرپشن پر میڈیا نے دہائیاں مچائیں، دستاویزات سامنے آئیں لیکن کوئی کارروائی نہ ہوئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں  قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت صرف عوام کو لوٹ رہی ہے، یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو تباہ حال معیشت میں قوم پیٹ پر پتھرباندھ کر روئے گی۔ توانائی کی قیمت میں بتدریج اضافہ مہنگائی سے مرتی عوام پر ایک ناقابل برداشت بوجھ ثابت ہوگا۔

The post حکومت صرف عوام کو لوٹ رہی ہے، شہبازشریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email