مائیکل ہولڈنگ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو گھمنڈی قراردے دیا

ویسٹ انڈین لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے گھمنڈی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کو اس ماہ پاکستان کا دورہ کرنا تھا مگر کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کا بہانہ بناکر اس نے دورے سے انکار کردیا۔

مائیکل ہولڈنگ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ای سی بی کو اس فیصلے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انگلینڈ کو صرف 4 روز پاکستان میں گزارنا تھے مگر اس نے دورہ منسوخ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہاں پاکستان کی جگہ بھارت ہوتا تو انگلینڈ کبھی ایسا نہیں کرتا جیسا پاکستان کے ساتھ کیاکیوں کہ بھارت مضبوط اور امیر بورڈ ہے۔

مائیکل ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مشکل وقت میں انگلینڈ کا دورہ کیا، ای سی بی کو بچانے کیلئے کرکٹ کھیلی، ای سی بی کے پاس موقع تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے احسان کا قرض اتارتا، مگر اس نے ایسا نہیں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ای سی بی کا بیان بھی ان کی سمجھ سے باہر ہے، اس میں کوئی وزن نہیں، سب بے کار کی باتیں کی گئی ہیں۔

ویسٹ انڈین لیجنڈ مائیکل ہولڈنگ نے ای سی بی کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی گھمنڈ کی نشانی ہے کہ میں وہ کروں گا جو میری مرضی ہوگی، دوسرے کیا سوچتے ہیں مجھے اس کی پروا نہیں۔

واضح رہے کہ 20 ستمبر کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔

The post مائیکل ہولڈنگ نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو گھمنڈی قراردے دیا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email