پاکستان اور بحرین کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔

‏تفصیلات کے مطابق  پاکستان میں تعینات بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد  کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات وزیر خارجہ نے جولائی 2021 میں کیے گئے دورہ بحرین کے دوران، بحرینی قیادت سے ہونیوالی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے، دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ تعلقات یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے ، پاکستان بحرین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔

ملاقات میںپاکستان میں تعینات بحرین کے سفیر جناب محمد ابراہیم محمد نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا جبکہ بحرینی سفیر نے “منامہ ڈائیلاگ” کے آئندہ اجلاس میں شرکت کیلئے  بھی دعوت نامہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پیش کیا۔

 دوسری جانب اس سے قبل  ایران کے نائب وزير خارجہ علی باقری  کی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ،افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات وزیر خارجہ نے ایران کے نائب وزير خارجہ علی باقری کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جبکہ وزیر خارجہ نے ایران کو شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت ملنے پر مبارکباد دی اور وزیر خارجہ نے 26 اگست 2021 کو کیے گئے اپنے دورہ ء ایران کے دوران، بھرپور میزبانی پر ایرانی نائب وزیر خارجہ کا شکریہ ادا  بھی کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر رئیسی کی ملاقات میں کیے گئے مشترکہ فیصلوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تجارتی، اقتصادی و سیاسی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔

 اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور ایران کے درمیان اپریل 2021 کو طے پانے والے باڈر مارکیٹوں کے قیام کے معاہدے کو سراہتے ہوئے ان مارکیٹس کے جلد قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایران کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت کو  بھی سراہا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین بین الاقوامی فورمز پر نکتہء نظر میں مماثلت اور باہمی تعاون خوش آئند ہے، گذشتہ سال کے دوران پاکستان اور ایران کے مابین  دو اضافی کراسنگ پوائنٹس کا کھلنا دونوں ممالک کی عوام کیلئے یکساں فائدے کا باعث ہو گا۔

شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ہر سال زائرین کی کثیر تعداد ایران میں مقدس مقامات کی زیارت کیلئے جاتی ہے، پاکستان نے زائرین کو ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے نئی زائرین مینجمنٹ پالیسی کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے پاکستان اور ایران کی سوچ میں ہم آہنگی باعث اطمینان ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری افغانوں کو درپیش انسانی و معاشی بحران کے خطرے سے نمٹنے کیلئے، ان کی معاونت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔

The post پاکستان اور بحرین کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email