وکلاء ہمارے معاشرے کا اہم جزوہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا اہم جزو ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ سے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل حاجی محمد افضل دھرالہ ، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد اور ایڈووکیٹ میاں عبدالرحمن غفوریا کی ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ پہلی بار ہمارے دور میں تحصیل سطح تک بار ایسوی ایشنز کو اہمیت دی گئی جبکہ وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے فنڈز مختص اور ان کیلئے تاریخی اعلانات کیے گئے۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ وکلاء کیلئے فری میڈیکل کی سہولت، بائی پاس اور دل کا علاج بھی فری کرنے کا انتظام کیا گیا جبکہ وکلاء برادری کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹی جیسے منصوبے  بھی شروع کیے گئے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا اہم جزوہیں، وکلاء برادری انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ہم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔

ملاقات میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل حاجی محمد افضل دھرالہ نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کی پہلی عمارت بھی چودھری پرویزالٰہی کے دور میں ہی بنائی گئی تھی جبکہ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز نے نامور وکلاء پیدا کیے ہیں۔

وکلاء رہنما کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری پرویزالٰہی کی وکلاء کیلئے خدمات کی وجہ سے وکلاء برادری ہمیشہ آپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔

واضح رہے اس سے قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرپرسن پنجاب اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی جینڈر مین سٹریمنگ اینڈ وومن ڈویلپمنٹ عظمیٰ کاردار کی ملاقات ہوئی تھی۔

ملاقات کے دوران چیئرپرسن عظمیٰ کاردار نے سٹینڈنگ کمیٹی کی پنجاب اسمبلی میں کارکردگی، سیف سٹی اتھارٹی وومن پروٹیکشن ایپ، وومن سمٹ پروگرام کی رپورٹیں پیش کی تھی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا تھا کہ خواتین کو بھی آزادی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے، ملازمت کرنے اور ملکی ترقی میں حصے دار بننے کا حق حاصل ہے جبکہ اسلام نے بھی عورتوں کو حقوق دئیے ہیں اور معاشرے میں ان کے حقوق کو واضح بیان کرتا ہے

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا تھا کہ کسی ملک میں جمہوریت اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک ایوانوں میں عورتوں کی نمائندگی نہ ہو۔

The post وکلاء ہمارے معاشرے کا اہم جزوہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email