تحریک انصاف میں ہرشخص کا وقار ہے، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں ہرشخص کا وقار ہے۔

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات ہوئی جس میں ٹکٹ ہولڈرز نے اپنے اپنے حلقوں کے مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

 اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا کہنا تھا کہ آپ کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں،میں وزیراعظم عمران خان کے اعتماد پر اتر رہا ہوں۔مجھ سے ایسی غلطی کی توقع نہ رکھیں جس سے آپ کا یا پارٹی کا نقصان ہو۔

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ تمام پارٹی ٹکٹ ہولڈرزکے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ تحریک انصاف میں ہرشخص کا وقار ہے،پارٹی کو مضبوط سے مضبوط تر کریں گے۔

عبدالقیوم نیازی نے یہ بھی کہا کہ  وہ جماعت یا حکومت کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی جواپنے کارکنوں کا تحفظ نہ کر سکے۔ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں کے معاملات ان کی مشاورت سے حل ہونگے۔

 وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی  کا مزید کہنا تھا کہ تمام ٹکٹ ہولڈرز کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں بلایا جائے گا اور ان کو بھرپور اعتماد میں لیا جائے گا۔

واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سے حلقہ غربی باغ دھیرکوٹ کے وفد نے ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا تھا کہ میڈیا ہماری رہنمائی کرے اور درست سمت نشاندہی کرے ہم ہر مثبت تنقید اور مشورے کا احترام کرینگے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا تھا کہ خطے کو رول ماڈل بنانے کیلئے کوشاں ہوں جبکہ صدر ریاست بیرسٹر سلطان مسئلہ کشمیر اجاگر کر کے تحریک آزادی کشمیر کے مشن پر گامزن ہیں۔ صدر،وزیراعظم سمیت حکومت و ریاست کے تمام شعبے متحد ہیں اور ہم سب ملکر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

عبدالقیوم نیازی نے کہا تھا کہ گڈ گورننس اور تحریک آزادی کے بعد خطے کی تعمیر و ترقی ترجیح ہے۔ آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر کی بہتری لا کر سیاحت کو فروغ دینگے، خطے کی تمام شاہرات بہتر کرینگے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر عبدالقیوم نیازی نے مزید کہا تھا کہ میرا تعلق کنٹرول لائن کے حلقہ سے ایل او سی پر آباد لوگوں کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہوں، کنٹرول لائن سے ملحقہ تمام حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

The post تحریک انصاف میں ہرشخص کا وقار ہے، وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email