ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو حکومت میں رہتے ہوئے بھی حکومت کے خلاف احتجاج کا حوصلہ رکھتی ہے، خواجہ اظہار الحسن

رکن رابطہ کمیٹی خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو حکومت میں رہتے ہوئے بھی حکومت کے خلاف احتجاج کا حوصلہ رکھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی ذیلی تنظیم نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بتایا کہ اے پی ایم ایس او احتجاجی مظاہرہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے خلاف کر رہی ہے۔ احتجاجی مظاہرے سے وفاقی وزیر امین الحق اور سینیٹر فیصل سبزواری نے خطاب کیا۔
احتجاجی طلباء نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے آن لائن داخلہ ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیا جائے کیونکہ پاکستان میڈکل کمیشن کی ایک ہفتہ قبل ویبسائٹ اڑ گئی تھی۔
رکن رابطہ کمیٹی ابو بکر نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن نے امتحانات میں جو ذیادتیاں کیں اس سے طلبہ و طالبات کے ساتھ ان کے والدین بھی پریشان ہیں۔ اسلام آباد اور بلوچستان سمیت دیگر شہروں کے طلبہ و طالبات بھی پی ایم سی کے خلاف سراپا احتجاج پر ہیں۔ آج ہم کراچی کے طلبہ و طالبات کو یقین دلاتے ہیں کہ ایم کیو ایم پاکستان ہر فورم پر ان کے حق کے لیے آواز اٹھائے گی۔
احتجاجی طلبہ و طالبات نے کہا کہ پی ایم سی نے جان بوجھ کر کراچی کے طلبہ کے ساتھ امتحانات میں ناانصافی کی ہے۔ پی ایم سی نے خاص منصوبہ بندی کے تحت کراچی کے نوجوانوں کو امتحانات میں فیل کیا ہے، پی ایم سی میڈیکل داخلہ امتحانات دوبارہ سے لے۔
رکن رابطہ کمیٹی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان پی ایم سی داخلہ امتحانات کو کالعدم اور این ٹی ایس کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے ایم کیو ایم پاکستان طلبہ وطالبات کے ساتھ پریس کلب پر احتجاج کر رہی ہے۔ اتحادی ہونے کے باوجود کراچی کے شہر اور بچوں کے لیے صرف احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔
رکن رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبائیت کا مقدمہ لڑتی ہے اور ایم کیو ایم پاکستان پورے پاکستان کا مقدمہ لڑتی ہے۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ پی ایم سی نے جو داخلہ ٹیسٹ رکھا ہے اس میں شفافیت کہیں نظر نہیں آ رہی ہے، اس داخلہ ٹیسٹ میں بے قاعدگیوں کے ثبوت عدالت میں لے کر جائیں گے۔ صوبائی حکومت پہلے ہی ہمارے بچوں کی نوکریوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو حکومت میں رہتے ہوئے بھی حکومت کے خلاف احتجاج کا حوصلہ رکھتی ہے۔
رکن رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان گورنر سندھ کے پاس طلبہ و طالبات کو لے کر جا رہی ہے۔ اگر کراچی کے طلبہ و طالبات کامسئلہ حکومت نے حل نہ کیا تو ایم کیو ایم عدالتوں میں مقدمہ لے کر جائے گی۔
رکن رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اس شہر سے ڈھائی سو ارب روپے سالانہ لے کر بھی بارش کا پانی نہیں نکال سکی، آج بھی اورنگی ٹاؤن اور نیو کراچی کے گھروں میں پانی جمع ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کو کراچی کے مسائل کا علم ہی نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر امین الحق کی سربراہی میں طلبہ و طالبات کا وفد گورنر ہاؤس روانہ ہو گیا ہے۔

The post ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جو حکومت میں رہتے ہوئے بھی حکومت کے خلاف احتجاج کا حوصلہ رکھتی ہے، خواجہ اظہار الحسن appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email