آزاد کشمیر میں غربت کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم خان نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں احتساب کے نظام کو مضبوط کیا جائے گا اور غربت کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم خان نیازی سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھی جائے گی اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں احتساب کے نظام کو مضبوط کیا جائے گا اور غربت کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے آزادی کے بیس کیمپ سے بھرپور انداز میں آواز بلند کی جائے گی۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کی واضح اور دو ٹوک الفاظ میں حمایت کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آزاد کشمیر میں کرپشن سے پاک معاشرہ کی تشکیل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردارعبدالقیوم خان نیازی نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو امریکہ کے کامیاب دورے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اُن کے اس کامیاب دورے کے تحریک آزادی پر دور اثرات مرتب ہونگے۔

سردارعبد القیوم خان نیازی کا کہنا تھا کہ جس طرح انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر فوری طور پر امریکہ جا کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مودی کے خلاف کشمیریوں کے بڑے مظاہرے کی قیادت کی اسے کشمیری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس سے تحریک آزادی کشمیر کوخاصی تقویت ملے گی۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

The post آزاد کشمیر میں غربت کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email