وزیر اعلیٰ پنجاب کی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان میں فورسز وین پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

تفصیلات  کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی میں شہادت کا رتبہ پانے والے سیکورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے حملے سے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت کی اطلاع پر دکھ ہوا ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کریں اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کریں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملکی سلامتی کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے فورسز کی گاڑی پر حملے کے نتیجے میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایف سی کے چار اہلکار اور ایک لیوی سب انسپکٹر شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں چارسدہ کے رہائشی 35 سالہ حوالدار زاہد، خیبر کے رہائشی 28 سالہ لانس نائیک ولی، کرم کے رہائشی 28 سالہ لانس نائیک عبدالمجید، حوالدار اشفاق اور اسپن وام کے رہائشی 38 سالہ لیوی سب انسپکٹر جاوید شامل ہیں۔

واقعے کے بعد دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

The post وزیر اعلیٰ پنجاب کی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email