نواز شریف اور زرداری کی وجہ سے معاشی بحران ہے ، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری کی وجہ سے معاشی بحران ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کھیوڑہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا لگایا ، 75 لاکھ پودے ضلع بھر میں لگائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے لیڈر نہیں وہ ورلڈ لیڈر ہیں ، وزیر اعظم عمران کے قد وقامت کا کوئی اور لیڈر نہیں ، ہم اپنی باتیں کرتے ہیں کہ مہنگائی ہوگئی ہے ، مشکلات ہیں مگر عمران خان دنیا کی بات کرتے ہیں ، افغانستان کے مسئلے پر پوری دنیا عمران خان کی بات سنتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں جو کچھ ہوا ہے وہ سب آپ کے سامنے ہے ، افغانستان کی جنگ میں ہمارے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ، افغانستان کے اندر بھارت کی رشتہ داریاں ختم ہوئی ہیں ، افغانستان میں فوجی نہیں سیاسی حل کی طرف جانا ہے ، 2018 میں جب عمران خان آئے تو انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بات چیت سے مسائل حل کریں۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ہی تھا جس نے امریکہ اور طالبان کے درمیان بات چیت کروائی ، ایک قطرہ خون بہائے بغیر افغانستان میں اقتدار منتقل ہوا ، پاکستان کی تمام توجہ سیکورٹی اور معاشیات پر ہے ، امن ہو گا تو معاشیات بھی بہتر ہو گی ، لڑائی کا آخر میں اختتام بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے اجنڈہ پیش کیا ہے کہ جو لوگ ملکی آئین کو مانیں گے ان سے بات چیت ہو گی ، عمران خان کی سیاست دانش مندی کی سیاست ہے ، عمران خان کی قیادت میں مضبوط پاکستان جنم لے چکا ہے ، بلاول اور مریم کو اس ریجن کی پیچیدگیوں کا پتہ ہی نہیں ، پاکستان کی باگ ڈور ان بچوں کے حوالے نہیں کرسکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں آمریت مسلط ہے ، تحریک انصاف پاکستان کی واحد قومی جماعت ہے ،  کراچی آج پاکستان کو لیڈ کر رہا ہے۔

The post نواز شریف اور زرداری کی وجہ سے معاشی بحران ہے ، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email