ریلوے پولیس کو ختم نہیں کر رہے بلکہ پہلے سے زیادہ فعال بنا رہے ہیں، نثار احمد میمن

چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن نے کہا ہے کہ ریلوے پولیس کو ختم نہیں کر رہے بلکہ پہلے سے زیادہ فعال بنا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن نے ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین اور عام لوگوں کی ریلوے سے متعلق ضروریات اور مسائل سنتے ہوئے کہا کہ فیس بک لائیو کھلی کچہری کا بنیادی مقصد پاکستان ریلوے اور عوام کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوپہر2 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک فیس بک لائیو کھلی کچہری جاری رہی جس میں ملک بھر سے سینکڑوں لوگوں نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا، اس فیس بک لائیو کھلی کچہری میں 5000 لوگوں نے سی ای او ریلوے تک اپنے پیغامات پہنچائے۔ 6100 لوگوں نے ری ایکٹ کیا جبکہ 7200 لوگوں نے اس کو دیکھا۔
ذرائع کے مطابق کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن کو گریجویٹی رقم کی ادائیگی، کوارٹروں کی الاٹمنٹ، محکمانہ پرموشن، ریلوے میں ٹی ایل اے اور پی ایم پیکیج کی ریگولرائزیشن، سب انجینئرز کے ٹیکنیکل الاﺅنس اور گینگ مینوں کے الاﺅنس سمیت دیگر مسائل سامنے رکھے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے نے ان تمام مسائل کو پاکستان ریلوے کی پالیسی کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے کو مختلف سیکشنوں پر مزید مسافر ٹرینیں چلانے، نئے سٹاپ دینے اور پہلے سے چلنے والی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے، مختلف اسٹیشنوں پر سٹاف کی کمی، پلیٹ فارمز کی اپ گریڈیشن، ریلوے کالونیوں میں بجلی کے مسائل اور آن لائن ٹکٹوں کی ریزرویشن، اینکروچمنٹ، تنخواہیں نہ ملنے اور پنشن میں اضافے جیسے مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی ہے۔
ریلوے پولیس کے حوالے سے سوال پر چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن نے کہا کہ ریلوے پولیس کو ختم نہیں کر رہے بلکہ پہلے سے زیادہ فعال بنا رہے ہیں۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر ریلوے نثاراحمد میمن نے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کی ہرممکن یقین دہانی کرائی اور عوام کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوویڈ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ٹرینیں کم چلائی جا رہی ہیں جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے تو مزید ٹرینیں مختلف سیکشنوں پر چلائی جائیں گی جبکہ لوگوں کے پر زور مطالبے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن نے کہا کہ ماڑی ایکسپریس کو اسی مہینے بحال کر دیا جائے گا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار احمد میمن کا مزید کہنا تھا کہ لو گوں کی شکایات براہ راست سننے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ ریلوے ملازمین اور دوسرے لوگوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔

The post ریلوے پولیس کو ختم نہیں کر رہے بلکہ پہلے سے زیادہ فعال بنا رہے ہیں، نثار احمد میمن appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email