فخر پاکستان عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ، گورنرسندھ

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ فخر پاکستان عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لیجنڈری اداکار عمر شریف کے انتقال پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کے انتقال کی خبر سن کر دل انتہائی غمگین اور دکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت ، درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ عمر شریف نے ساری زندگی لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں ، بیرون ملک بھی عمر شریف نے اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مایہ ناز کامیڈین عمر شریف جرمنی میں انتقال کرگئے ہیں۔

عمرشریف کو طبیعت خرابی کے باعث جرمنی منتقل کیا گیا تھا۔

عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے، وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

یاد رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچایا  گیا تھا، جہاں معروف پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کے علاج کے لیے جارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں انتظامات کر رکھے تھے۔

عمر شریف کی امریکا منتقلی اور اہل خانہ کے ویزوں کے لیے بھی ڈاکٹر طارق شہاب نے ہی تگ و دو کی تھی، عمر شریف کو لینے کے لیے ائیر ایمبولینس پیر کی دوپہر منیلا سے پاکستان پہنچی تھی۔

عمر شریف19 اپریل1955 کو پیدا ہوئے تھے،عمرشریف نے اپنے کیریئر کا آغاز1974 میں14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا۔
عمرشریف کو بہترین اداکار اورڈائریکٹر کا ایوارڈ1992میں دیا گیا تھا،عمرشریف کوبہترین کارکردگی پرتمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

The post فخر پاکستان عمر شریف ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے ، گورنرسندھ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email