ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پنجاب کی زرعی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پنجاب کی زرعی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ زراعت اور محکمہ لائیو اسٹاک کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں اور دیگر محکمانہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے اجراء کے لئے فرد ملکیت کی فیس نہ لینے کی ہدایت دی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں کاشتکاروں کو ڈیجیٹل سبسڈی کے لئے 4 لاکھ 72 ہزار کسان کارڈ جاری ہوچکے ہیں، رواں مالی سال کے آخر تک 10 لاکھ کاشتکاروں کو کسان کارڈ کا اجراء مکمل ہوجائے گا، صوبہ بھر میں کسان کارڈ کے 1590 ان پٹ ڈیلر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل پروگرام کے تحت گندم گنا اور چاول کی زیادہ پیداوار کے حصول کے پروجیکٹ جاری ہیں، ڈرپ ایریگیشن اور سولرائزیشن کے پروجیکٹ کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جارہا ہے، ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پنجاب کی زرعی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہدایت دی ہے کہ جنوبی پنجاب میں زیتون کی کاشت پر توجہ دی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی ہے کہ محکمہ زراعت کے ریسرچرز نے گندم کی 31 نئی اقسام متعارف کروائی ہیں، گندم کی نئی اقسام میں پانی کی کمی اور بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں کھجور کی نئی ورائٹی بھی متعارف کروائی گئی ہے، پنجاب میں مکئی، گندم اور چاول کی اہداف سے زیادہ پیداوار حاصل کی گئی ہے، چاول، گندم، گنا اور مکئی پر ریسرچ کے لئے سینٹرل آف ایکسیلینس مقرر کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، وزیر لائیو اسٹاک حسنین بہادر دریشک، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ایگریکلچر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی تھی۔

The post ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پنجاب کی زرعی تاریخ کا انقلابی پروگرام ہے، وزیراعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email