وزیراعلیٰ سندھ کا ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں گاما نائیف کا افتتاح

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں گاما نائیف کا افتتاح کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گاما نائیف ریڈیو سرجری ریڈی ایشن تھراپی ہے جس سے دماغ کے زخم کا علاج ہوتا ہے، پبلک سیکٹر میں گاما نائیف سسٹم پہلی مرتبہ متعارف کیا ہے۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ گاما نائیف سرجری میں ڈاکٹرز کے مطابق نہ تو روایتی سرجری ہوتی ہے نہ ہی نائیف کا استعمال ہوتا ہے، گاما نائیف سرجری جو کہ شعاؤں کے ذریعے ہوتی ہے اس کا فائدہ روایتی سرجری والا ہوتا ہے، گاما نائیف ریڈیو سرجری ٹیومر، بلڈ ویسل ملفارمیشن اور نرو کونڈیشنز کے علاج کا مؤثر طریقہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ٹیومر کے علاج میں گاما نائیف ریڈیو سرجری ٹیومر کے ڈی ایم اے کو کمزور کرتا ہے، جس سے ٹیومر کے سیل نہیں بڑھتے، گاما نائیف سینٹر برین سرجری کا جدید ترین نظام ہے۔

 مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گاما نائیف سرجری میں درد نہیں ہوتا، خون نہیں بہتا بس ایک دن کا علاج ہے، اس وقت دنیا میں 400 یونٹ لگے ہوئے ہیں، یہ سرکاری سطح پر پہلا یونٹ ہے، ابھی تک 2 ملین مریضوں سے زائد دنیا بھر میں گاما نائیف کے ذریعے علاج کروا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےڈاؤ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گاما نائیف سینٹر کا افتتاح کر کے بہت خوشی اور اطمینان محسوس کررہا ہوں

مراد علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ یہ پاکستان میں 3 مشین ہوگی اور پبلک سیکٹر میں پہلا سسٹم ہے، 52 مریض اس سینٹر میں ابھی تک علاج کرواکر صحتیاب ہوچکے ہیں، سندھ حکومت صحت کے شعبے سرکاری سطح پر وہ علاج متعارف کروارہی ہے جو غریب کی پہنچ سے دور ہے۔

The post وزیراعلیٰ سندھ کا ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں گاما نائیف کا افتتاح appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email