حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے نیشنل یوتھ کاؤنسل کے ممبران کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، صوبائی وزراء رائے تیمور خان بھٹی، راجہ ناصر علی خان مقپون اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی ہے۔

 ملاقات میں معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قائم شدہ نیشنل یوتھ کاؤنسل اور نوجوانوں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی نوجوانوں کی ترقی پر منحسر ہے، حکومت ملک میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے، کامیابی کا راستہ جدوجہد کا راستہ ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہونا ملک کی خوش قسمتی ہے، لیڈر ہمیشہ سچا اور ایماندار ہوتا ہے، آپ بھی سچ کا راستہ اپنائیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا ہے کہ حکومت میں جب آئے تو ملکی برآمدات صرف 20 ارب ڈالر تھیں، حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہورہا ہے، پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے، ہمارا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت افرادی قوت یعنی نوجوان ہیں۔

ملاقات میں بریفنگ دی گئی ہے کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک 6 شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کیلئے بنائی گئی ہے، جس میں سماجی تحفظ، معاشرتی اعتبار سے نظر انداز نوجوانوں کو قومی دھارے میں واپس لانا شامل ہیں، صحت، نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ جاتی اصلاحات اور سیوک انگیجمنٹ بھی فریم ورک کا حصہ ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 2023 تک نوجوانوں میں معاشی خودمختاری اور یوتھ آنٹرپرونیورشپ کیلئے 100 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے، کامیاب جوان ہنرمند پروگرام کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو وظائف دیئے جائیں گے۔

The post حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، وزیراعظم appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email