کپڑے کا ماسک وائرس سے بچاؤ کےلئے سرجیکل ماسک جتناموثر ہے یا نہیں؟ نئی تحقیق

یہ ایک اہم سوال ہےکہ کپڑے کا ماسک کورونا وائرس سے بچاؤ کےلئے سرجیکل ماسک جتنا موثر ہے یا نہیں؟ 

اس حوالے سے برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تین تہوں والے کپڑے کا ماسک کووڈ 19 سے تحفظ دینے میں سرجیکل ماسک جتنا ہی موثر ہوتاہے۔

کورونا وائرس کی وباء کے دوران  دنیا کے بیشتر ممالک میں عوامی مقامات پر فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیاہے۔

برسٹل اور سرے یونیورسٹیوں کی مشترکہ تحقیق میں جائزہ لیا گیا کہ گیلے ذرات کپڑے سے بنے ماسک میں کس طرح فلٹر ہوتے ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کپڑے کا ماسک پہننے والے کی منہ سے خارج ہونے والی سانس باہر نکلنےکے بجائے وہی ماسک کے اندر دھاگوں میں بھرجاتی ہے۔

تحقیقی ٹیم نے دریافت کیا کہ تین تہوں والے کپڑے کے ماسک وائرل ذرات کو فلٹر کرنے میں سرجیکل ماسک جتنے ہی موثر ثابت ہوتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ کپڑے کے ماسک وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ 50 سے 75 فیصد تک کم کردیتے ہیں۔

مثال کے طور پر اگر ایک مریض اور ایک صحت مند فرد دونوں نے کپڑے کے فیس ماسک پہنے ہوئے ہوں تو بیماری کا خطرہ 94 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ سادہ اور سستے کپڑے کے ماسک کووڈ 19 کے خطرے کی مکمل روک تھام تو نہیں کرسکتے مگر جانچ پڑتال اور ماڈلز سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ بیماری کے پھیلاؤ کی شرح کم کرنے میں بہت موثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ اس تحقیق سے زیادہ بہتر ڈیزائن والے ماسک تیار کرنے میں مدد مل سکے گی اور لوگوں کو یاد دلایا جاسکے گا کہ وائرس کی موجودگی کے دوران فیس ماسک کا استعمال کتنا ضروری ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے فزکس آف فلوئیڈ ز میں شائع ہوئے ہیں۔

The post کپڑے کا ماسک وائرس سے بچاؤ کےلئے سرجیکل ماسک جتناموثر ہے یا نہیں؟ نئی تحقیق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email