چترال میں یوم تکبیر نہایت جوش و جذبے سے منایا گیا

چترال(گل حماد فاروقی) ڈسٹرکٹ بار ایسوی ایشن چترال کے اراکین  اور پاکستان  مسلم لیگ نواز گروپ کے کارکنوں نے  پی آئی اے چوک میں  یوم تکبیر منایا۔ اس سلسلے میں پرانا پی آئی اے چوک  میں ایک جلسہ بھی منعقد ہوا جس کی صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کے بزرگ رہنماء  حاجی ذار عجم خان آف تریچ کر رہے تھے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان آج کے دن  مسلم دنیا میں واحد ایٹمی طاقت والا ملک بن چکا تھا۔  انہوں نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا کہ انہوں نے امریکہ سرکار کی دھونس، دھمکی اور پیشکش کو ٹکراتے ہوئے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور پاکستان  ایک ایٹمی طاقت ولا ملک قرار پایا۔  انہو ں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں سے پہلے ہندوستان کے وزیر اعظم کا رویہ نہایت  غیر مناسب اور دھمکی آمیز تھا مگر جب سے پاکستان نے ہندوستان کے مقابلے میں پانچ ایٹمی دھماکے کیے تو ہندوستان نے یو ٹرن لیا اور اپنے الفاظ میں دوستی اور امن کی باتیں شامل کی۔ مقررین نےمزید کہا کہ پاکستان  ہمیشہ قائم رہنے کے لیے  بنا ہے اور یہ انشا ء اللہ ہمیشہ کے لیے  قائم و دائم رہے گا اور دشمن اس  کی طرف  میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔

اس موقع پرشرکاء اور مقررین نے حکومت کی غلط پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں محسن کا قدر نہیں  ہے۔ جس لیڈر نے ایٹم بم کا آغاز کیا تھا تو اسی لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی اور جس لیڈر نے کروڑوں روپے کا پیشکش ٹکراتے ہوئے ایٹمی دھماکے کیے اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا اس لیڈر کو جیل کے سلاخوں کے  پیچھے دھکیل دیا گیا۔

انہوں نے موجودہ تبدیلی سرکر پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چابی والی حکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلتی ہے اور ا ن کے کہنے پر نہ صرف مزید ٹیکس لگار رہی ہے  بلکہ اگلے بجٹ میں مزید مہنگائی کا طوفان بھی برپا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ان غلط پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ کہاں پہنچ گیا اور مہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی۔ یہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں کہ ہم پچھلے حکومت کا قرضہ چکارہے ہیں مگر یہ مزید قرض لے  رہی ہے ۔جلسہ سے محمد کوثر ایڈوکیٹ، ایم آئی خان ایڈوکیٹ، عبد الولی خان ایڈوکیٹ، مولانا احمد اللہ، ساجد اللہ ایڈوکیٹ، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ، فضل رحیم ایڈوکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

Print Friendly, PDF & Email