شندور پولو فیسٹیول ۲۰۱۹ کو بھرپورانداز میں منایا جائے گا، صوبائی وزیر سیاحت

پشاور(زیل نمائندہ) دنیا کے بلند ترین پولوگراؤنڈ اور فطری ماحول سے بھرپورشندورمیں اس سال 7جولائی سے شروع ہونے والے شندور پولو  فیسٹیول کو بھرپورانداز میں منایاجائے گااور سیاحوں اور شائقین  کے کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ یہ بات سینئر صوبائی وزیر سیاحت ، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے ایک میٹینگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشن شندور کے دوران لواری ٹنل کھلا رکھنے سمیت ایئر لائن سروس کی روزانہ کی پروازوں کے لیے  اور میلے کے بہترین انعقاد کو کامیاب بنانے کے لیے  پرائیویٹ فرمز اور ملٹی نیشنل پارٹی سے رابطہ کرنے پر غورکریں گے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ  ہمارا مقصد شندور پولو فیسٹیول کی عالمی دنیا میں رونمائی ہے اور سیاحوں کو اس جانب راغب کرنا ہے۔ہمارا اصل رجحان بھی سیاحوں کو شندور اور چترال لانا اور بہترین انداز میں مہمان نوازی کرناہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  تاریخی شندور پولو فیسٹیول بہترین انداز میں کرنے کے لیے  اقدامات اٹھانے ہونگے ۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی وزیر زادہ ،سیکرٹری محکمہ سیاحت ارشد محمود، ڈپٹی کمشنر چترال خورشیدمحسود، سینئر جنرل منیجر ٹورازم کارپوریشن حیات علی شاہ ، ڈائریکٹر کلچر خیبرپختونخوا محمود خان،منیجر مارکیٹنگ حسینہ شوکت، ممبران تھنک ٹینک علی جان،اسرار الدین،پولو ایسوسی ایشن کے سکندر الملک ،سرتاج احمد خان اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ میٹینگ کے بعد ٹوارزم کارپوریشن،ایم پی اے وزیر زادہ، ڈپٹی کمشنر چترال اور دیگر حکام پر مشتمل ایک کمیٹی  بھی بنائی گئی  جو کہ باقاعدہ مشاورت کرکے اہم فیصلے کرے گی۔

Print Friendly, PDF & Email