ماضی کی حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا ، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

ملاقات کرنے والوں میں کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، بلال اصغر،محمد رضا حسین بخاری اور سردار فاروق امان اللہ دریشک شامل تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں اپوزیشن کا طرز عمل نامناسب اور بچگانہ ہے ، اپوزیشن عناصر کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ جلسے جلوسوں سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی ، ان کے جلسے بے وقت کی راگنی ہیں ، کھوکھلے نعرے لگا کر آپ پاکستان کی خدمت نہیں کر رہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یاد رکھیں آپ لوگوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہوا ، ماضی کی حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا ، عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے اور  سابق حکمران اقتدار کے مزے لوٹتے رہے ، ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں ، اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی کا سہارا لیا ، ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے ، تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہماری حکومت ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئی ہے ، پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے جاری منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں۔

The post ماضی کی حکومتوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا ، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email